دبئی سے اسرائیل جا رہی ’فلائی دبئی‘ کی پرواز کو حادثے کا شکار ہونے سے بچانے والے ہندوستانی کیپٹن اسمت مچھار کی بہادری کی ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی نے بھرپور تعریف کی ہے۔
انھوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ جاری کرتے ہوئے کیپٹن مچھار کو ’ہیرو‘ قرار دیا اور کہا کہ انتہائی خطرناک حالات میں شدید زخمی ہونے کے باوجود انہوں نے دوسروں کی جان بچانے کے لیے زبردست حوصلے اور غیر متزلزل عزم کا مظاہرہ کیا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ کیپٹن اسمت مچھار کی بہادری سے سینکڑوں لوگوں کی جان بچ گئی اور ایک بڑا سانحہ ٹل گیا۔ ہندوستان کو کیپٹن مچھار پر فخر ہے۔ پی ایم مودی نے اس حادثہ میں بری طرح زخمی ہوئے کیپٹن مچھار کی جلد صحت یابی کے لیے دعا بھی کی ہے۔
جس طیارہ کو کیپٹن مچھار نے حادثہ کا شکار ہونے سے بچایا، اس میں 174 مسافر سوار تھے۔ ایک میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ عملہ کے اراکین اور مسافروں کو ملا کر طیارہ میں تقریباً 180 لوگ موجود تھے۔
قابل ذکر ہے کہ کیپٹن اسمت مچھار کی شناخت اس ہندوستانی پائلٹ کے طور پر ہوئی ہے، جس نے بدھ یعنی 30 ستمبر کو ’فلائی دبئی‘ کی پرواز کے کاک پٹ میں مبینہ اغوا کی کوشش کو روکنے میں اہم کردار ادا کیا۔
رپورٹس کے مطابق پرواز ’ایف زیڈ 1073‘ کے کاک پٹ میں اس وقت افراتفری مچ گئی، جب عمان کے ایک پائلٹ نے مبینہ طور پر طیارے کو یرغمال بنانے اور اسے حادثہ کا شکار بنانے کی کوشش کی۔
اس دوران دونوں پائلٹوں کے درمیان جھڑپ ہوئی اور کیپٹن مچھار پر چاقو سے حملہ کیا گیا۔ وہ شدید زخمی ہو گئے۔ اس کے باوجود انہوں نے کاک پٹ کا دروازہ کھولنے میں کامیابی حاصل کی، جس سے مسافروں کو اندر پہنچ کر صورت حال سنبھالنے کا موقع ملا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق تل ابیب میں طیارہ کے اترنے کے بعد مسافروں نے اسرائیلی وزیر اعظم بنجامن نیتن یاہو کو واقعے کے بارے میں جانکاری دی۔ مسافروں کے مطابق زخمی کیپٹن مچھار نے کاک پٹ کا دروازہ کھول دیا تھا۔
اس کے بعد مسافر اندر پہنچے اور دوسرے حملہ کرنے والے شریک پائلٹ کو قابو میں کیا۔ طیارے میں 2 دیگر پائلٹ بھی مسافر کی حیثیت سے سوار تھے۔ انہوں نے اس کے بعد طیارے کا کنٹرول سنبھالا اور اسے سعودی عرب کی جانب موڑ کر ہنگامی لینڈنگ کرائی۔ رپورٹس کے مطابق، واقعے میں زخمی ہونے والے کیپٹن مچھار کی سرجری بھی کی گئی۔
واضح رہے کہ کیپٹن اسمت مچھار جون 2022 سے فلائی دبئی کے ساتھ کیپٹن کے طور پر کام کر رہے ہیں۔ اس سے پہلے انہوں نے تقریباً 11 سال تک اسپائس جیٹ میں کام کیا، جہاں وہ سینئر کمانڈر کے عہدے پر رہے۔
مچھار نے لائن ٹریننگ کیپٹن کے طور پر بھی ذمہ داری سنبھالی ہے۔ اس حیثیت سے انہیں پائلٹوں کو تربیت دینے، ان کی رہنمائی کرنے اور ان کی صلاحیت کا جائزہ لینے کا تجربہ حاصل ہے۔
ہندوستانی پائلٹ اسمت مچھار نے ویلنگکر انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ سے بیچلر آف بزنس ایڈمنسٹریشن (بی بی اے) کی ڈگری حاصل کی ہے۔ ہوا بازی کے شعبہ میں طویل تجربے کے دوران انہوں نے پائلٹ کی تربیت اور رہنمائی سے متعلق ذمہ داریاں بھی نبھائی ہیں۔