فلپ نے ہالی وڈ میں 60 سے زیادہ فلموں میں کام کیا. ہالی وڈ کے آسکر انعام یافتہ اداکار فلپ سیمور ہوفمین نیویارک میں اپنی رہائش گاہ پر مردہ پائے گئے ہیں۔
ان کی عمر 46 سال تھی اور ان کی لاش ایک دوست نے دریافت کی جس نے ہنگامی امداد کے اداروں کو مطلع کیا۔
نیویارک کی پولیس کا کہنا ہے ہوفمین کی لاش اتوار کی صبح ساڑھے 11 بجے مین ہٹن میں ان کی رہائش گاہ پر غسل خانے سے ملی۔
فلپ کی ہلاکت کی وجہ ابتدائی اندازوں کے مطابق مقررہ مقدار سے زیادہ دوا لینا بتائی جا رہی ہے۔ گذشتہ برس ہوفمین نے نیوز ویب سائٹ ’ٹی ایم زیڈ‘ کو بتایا تھا کہ انھوں نے منشیات کی عادت سے چھٹکارا پانے کے لیے علاج کروایا تھا۔
“ہم اپنے پیارے فلپ کے جانے سے بہت غمزدہ ہیں اور اس موقع پر ملنے والے تعزیتی پیغامات کے لیے شکرگزار ہیں۔”
فلپ کے اہلِ خانہ
ہوفمین نے 1990 کی دہائی میں ’بُوگی نائٹس‘ اور ’بگ لیبوسکی‘ جیسی فلموں سے نام بنایا اور پھر 2005 میں انھیں مصنف ٹرومین کپوئے پر بننے والی فلم میں مرکزی کردار ادا کرنے پر آسکر انعام دیا گیا۔
انھوں نے ہالی وڈ میں 60 سے زیادہ فلموں میں کام کیا۔ ان کا حالیہ فلموں میں ’ہنگر گیمز‘ سیریز کی فلمیں شامل رہیں۔
فلپ ہوفمین کے اہلِ خانہ نے ان کی موت کو ’المناک اور اچانک‘ قرار دیا ہے۔ اتوار کو ایک بیان میں ان کے خاندان کا کہنا تھا کہ ’ہم اپنے پیارے فلپ کے جانے سے بہت غمزدہ ہیں اور اس موقع پر ملنے والے تعزیتی پیغامات کے لیے شکرگزار ہیں۔‘
فلپ نے فلموں کے علاوہ امریکی تھیٹر میں بھی کام کیا اور براڈوے پر اپنے کام کے لیے دو مرتبہ ٹونی ایوارڈز کے لیے بھی نامزد ہوئے۔
اداکاری کے علاوہ فلپ ہوفمین نے ہدایت کاری بھی کی اور 2010 میں بننے والی ’جیک گوز بوٹنگ‘ بطور ہدایت کار ان کی پہلی فلم تھی۔ اس فلم میں انھوں نے اداکاری بھی کی تھی۔