لکھنؤ۔ مڑیاؤں علاقہ میں اسلحہ سے لیس بدمعاشوں نے ایک دیسی شراب کے ٹھیکے میں گھس کر لوٹ پاٹ کی ۔ مخالفت کرنے پر بدمعاشوں نے ٹھیکے کے ملازمین کو بری طرح مارا پیٹا اور وہاں سے فرار ہو گئے۔ اس سلسلہ میں پولیس کا کہنا ہے کہ لوٹ کی بات غلط ہے اور ٹھیکے پر محض مار پیٹ ہوئی تھی۔ مڑیاؤں کے انجینئرنگ کالج چوراہے پر واقع ایل آئی سی بھون کے پیچھے ایک دیسی شراب کا ٹھیکہ ہے۔ اس ٹھیکے کے ایجنٹ ستیش کمار جیسوال ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ رات تقریباً ساڑھے دس بجے ٹھیکہ پر سیلس مین رنویر سنگھ، انوج اور کیشیئر ببلو موجود تھے۔ ٹھیکے پر پہلے دو نوںجوانوں نے شراب پی اور پھر باہر چلے گئے ۔ اس کے بعد دونوں نوجوان اپنے ساتھ دیگر ساتھیوں کے ساتھ ٹھیکے کے اندر گھسے اور رنویر کے سر پر طمنچہ کی بٹ مار دی ۔ اس کے بعد بدمعاشوں نے دیگر ملازمین کو اسلحے سے خوفزدہ کر کے یرغمال بنا لیا اور ٹھیکے سے ۲۶ ہزار روپئے نقد اور ملازمین کا موبائل فون لوٹ کر فرار ہو گئے۔ بدمعاشوں کے بھاگتے ہی ملازمین نے اس کی اطلاع مڑیاؤں پولیس کو دی۔ تفتیش کے بعد مڑیاؤں پولیس نے لوٹ کی اس واردات کو محض مار پیٹ بتاکر اپنا دامن جھاڑ لیا۔