جدّہ: امریکی صدر باراک اوباما کی دادی سارہ عمر نے حضرت محمد رسول اللہ ﷺ کے حوالے سے مکہ میں جاری ایک نمائش کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے اسلام کی معتدل تعلیمات کی عکاسی ہوگی، جو برداشت کا درس دیتا ہے اور تشدد کو مسترد کرتا ہے۔
عرب نیوز کی رپورٹ کے مطابق سارہ عمر، امریکی صدر کے چچا سعید اوباما، اور اپنے پوتے موسیٰ اوباما کے ساتھ عمرے کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب آئی ہوئی ہیں۔
انہوں نے حرمین شریفین کو توسیع دینے کے لیے سعودی حکومت کی کوششوں کی تعریف کی۔
سارہ عمر اور ان کے خاندان کے افراد نے مکہ کے ڈسٹرکٹ نسیم میں جاری اس نمائش کا دورہ کیا اور وہاں دو گھنٹے گزارے۔
انہوں نے کہا ’’یہ نمائش دیکھ کر مجھے بہت خوشی ہوئی، سائنسی اور مستند دستاویز کی مدد سے یہ جدید طریقے سے اسلام کے فروغ کی ایک بہت اچھی مثال ہے۔‘‘
اوباما کی دادی نے یہ امید بھی ظاہر کی کہ اس نمائش کا انعقاد سعودی حکومت کی مدد سے دیگر ملکوں میں بھی کیا جائے گا، تاکہ اس آفاقی مذہب کے بارے میں غلط تصورات دور ہوسکیں۔