اس سال بولی وڈ کی کئی فلمیں ایک دوسرے کے مدمقابل ریلیز ہوں گی اور ان میں امیتابھ بچن کی فلم ’تین‘ اور ایشوریا رائے بچن کی فلم ’سربجیت‘ بھی شامل ہیں۔
انڈین ایکسپریس کی ایک رپورٹ کے مطابق ایشوریا رائے کی فلم ’سربجیت‘ کو ریلیز کرنے کی تاریخ کا اعلان آج کیا گیا اور دلچسپ بات یہ ہے کہ ان کی فلم اس دن ریلیز ہوگی جب ان کے سسر کی فلم ’تین‘ ریلیز ہوگی۔
دونوں فلمیں رواں سال 20 مئی کو سنیما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائیں گی۔
امنگ کمار کی ہدایت میں بننے والی فلم ’سربجیت‘ میں ایشوریا رائے کے ہمراہ رندیپ ہودا اور ریچا چڈا اہم کرداروں میں نظر آئیں گے۔
یہ فلم پاکستان میں قید ہندوستانی جاسوس سربجیت سنگھ کی زندگی پر بنائی جارہی ہے۔
جبکہ سوجوئے گھوش کی فلم ’تین‘ میں امیتابھ بچن اداکار نوازالدین صدیقی اور ودیا بالن کے ہمراہ کام کر رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ودیا، امیتابھ اور نوازالدین ایک فلم میں
اس سال بولی وڈ کی متعدد فلمیں آمنے سامنے آئیں جن میں ’نیرجا‘، ’جے گنگاجل‘، ’علی گڑھ‘، ’فتور‘، ’صنم رے‘، ’گھایل ونس اگین‘، اور ’ائیر لفٹ‘ شامل ہیں۔