لکھنؤ، 14 فروری (یواین آئی) اترپردیش میں دو دنوں تک بہترین دھوپ کھلنے کے بعد آج موسم نے اچانک کروٹ لی اور بارش کے ساتھ ٹھنڈک کی واپسی ہوگئی۔ریاست کے لکھنؤ، فیض آباد، وارانسی، مرزاپور، کانپور، بستی اور چترکوٹ ڈویژنوں میں کل دیر رات سے کہیں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہوئی۔ بارش کی وجہ سے اچانک ٹھنڈک بڑھ گئی۔محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں میں کچھ مقامات پر تیز بارش کی وارننگ دی ہے۔ کچھ مقامات پر اولے پڑھنے کا بھی خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مقامی ڈائرکٹر جی پی گپتا نے بتایا کہ بارش کی وجہ سے اس ہفتے ٹھنڈک بڑھنے کا اندازہ ہے۔ یہاں گزشتہ 24 گھنٹوں میں سات ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ مسٹر گپتا کے مطابق گزشتہ 10 برسوں میں 14 فروری کو سب سے کم درجہ حرارت درج کیا گیا۔خراب موسم کی وجہ سے لکھنؤکے اموسی ہوائی اڈے پر کچھ پروازیں متاثر رہیں۔