جبل پور، 14 فروری (یو این آئی) مدھیہ پردیش کے چیف سکریٹری انٹونی ڈیسا نے ریاست کے اہم شہر جبل پور میں آمدو رفت کی سہولت کے لئے میٹرو ٹرین چلانے کے پروجیکٹ پر کام شروع کرنے کی ہدایت دی۔مسٹر ڈیسا نے کل یہاں شہر کے ترقیاتی کاموں کی جائزہ میٹنگ میں میٹرو ٹرین چلانے کے پروجیکٹ پر کام شروع کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہاکہ شہر کے ترقیاتی پروجیکٹوں پر بھی کام کیا جائے۔انہوں نے بتایاکہ وزیراعلی شیو راج چوہان نے بھوپال اور اندور کے علاوہ جبل پور میں بھی میٹرو ٹرین شروع کرنے کے منصوبہ پر کام کرنے کے لئے کہا ہے اور اس سمت کوششیں شروع کردی گئی ہیں۔سرکاری ذرائع کے مطابق چیف سکریٹری نے ضلع انتظامیہ کے افسران سے کہاکہ جبل پور میں میٹرو چلانے کے امکانات کا جائزہ لے کر آگے کا کام شروع کیا جائے۔ کلکٹر وویک پوروال نے شہر کیمختلف ترقیاتی پروجیکٹوں کے بارے میں چیف سکریٹری کو رپورٹ پیش کی۔