اگر تو آپ کا کوئی عزیز دل کے امراض کا شکار ہے تو اس کی صحت میں بہتری کا ذریعہ آپ کے اپنے ہاتھ یا جیب میں ہی موجود ہے اور وہ ہے موبائل فون۔
یہ بات امریکا میں ہونے والی ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آئی ہے۔
نارتھ کیرولائنا کی ڈیوک یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ دل کے امراض کے شکار افراد کو اگر ہر ہفتے چار حوصلہ افزا ایس ایم ایس یا مختصر پیغامات بھیجے جائیں تو ان کی صحت میں بہتری لائی جاسکتی ہے۔
یہ پیغامات دل کے صحت مند طرز زندگی کے انتخاب کے حوالے سے ہو جیسے ورزش، نمک کا کم استعمال، تمباکو نوشی سے گریز اور دیگر۔
اس تحقیق کے دوران 352 مریضوں کو چھ ماہ تک اس طرح کے حوصلہ افزاءپیغامات بھیجے گئے جبکہ ایک دوسرے گروپ کو اس سے محروم رکھا گیا۔
تحقیق کے اختتام پر معلوم ہوا کہ جس گروپ کو ایس ایم ایس موصول ہوئے تھے ان میں خراب کولیسٹرول کی شرح کم ہوئی جبکہ بلڈ پریشر اور جسمانی وزن بھی کم پایا گیا۔
محققین کے مطابق جن مریضوں کو ایسے حوصلہ دلانے والے ایس ایم ایس ملے ان میں تمباکو نوشی چھوڑنے اور زیادہ جسمانی سرگرمی کا رجحان دیکھنے میں آیا۔
محققین کا کہنا تھا کہ تحقیق کے نتائج سے معلوم ہوا ہے کہ موبائل کا عام استعمال بھی مریض کے رویوں پر اثر انداز ہوکر بیماری کی شدت میں کمی لاسکتا ہے۔
یہ تحقیق طبی جریدے امریکن جرنل میڈیکل ایسوسی ایشن میں شائع ہوئی۔