امریکی صدر براک اوبامہ کا کہنا ہے کہ داعش کے خلاف فضائی حملوں میں شدت لائیں گے اور داعش کے رہنماؤں کو چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔
مہر خبررساں ایجنسی نے ترک ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ ترکی میں جاری جی 20 کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امریکی صدر براک اوبامہ نے کہا کہ داعش کے خلاف فضائی حملوں میں شدت لائیں گے اور داعش کے رہنماؤں کو چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی جب کہ داعش کی سپلائی اور فنڈنگ کو روکنے کے لیے عالمی بھی سطح پر رابطے بڑھا رہے ہیں، داعش کے خلاف شامی اور عراقی فورسز کو مضبوط بنایا جائے گا۔ اوبامہ کا کہنا تھا کہ شام میں سفارتی محاذ پر پیشرفت ہو رہی ہے، ہمارا مقصد دہشت گردی کو تباہ کرنا ہے لہٰذا شام کے مہاجرین پر دروازے بند کرنا غلط ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ فرانس کے ساتھ داعش کے معاملے پر انٹیلی جنس تعاون میں تیزی لا رہے ہیں کیونکہ پیرس حملوں کے وقت امریکا کے پاس کوئی انٹیلی جنس معلومات نہیں تھیں۔