ممبئی۔ فلم اداکار شاہ رخ خان جو بڑے پردے کے بادشاہ کہے جاتے ہیں ایک بار پھر سے چھوٹے پردے پر اپنے جوہر دکھانے آ رہے ہیں۔شاہ رخ ایک نیا ٹی وی شو ’انڈیا پوچھیگا سب سے شانڑاں کون؟ ‘ لے کر آ رہے ہیں جو 2 مارچ سے ایک نئے چینل پر نشرکیا جائیگا۔شاہ رخ خان نے اس سے پہلے ٹی وی پر مشہور شو ’کون بنے گا کروڑ پتی‘، ’کیا آپ پانچویں پاس سے تیز ہیں‘ اور ’زور کا جھٹکا‘ جیسے شوز کی میزبانی کر چکے ہیں۔چھوٹے پردے کے اس شو کے بارے میں شاہ رخ کہتے ہیں ’اس شو کی خاصیت یہ ہے کہ اس میں کوئی ہارتا نہیں ہے۔
اسے ابھی ہندوستان میں نہیں دیکھا گیا ہے۔‘اپنی فلم ’فین‘ کی شوٹنگ میں مصروف اداکار نے یہ تو تسلیم کیا کہ وہ تھک جاتے ہیں لیکن نئے لوگوں سے ملنے میں انہیں مزا آتا ہے اس لیے انھوں نے اس شو کے لیے’ہاں‘ کر دی۔49 سالہ اداکار شاہ رخ خان نے اپنے کریئر کی شروعات ٹی وی شو ’سرکس‘ سے کی تھی۔بعد میں انہوں نے ’فوجی‘ نام کے ٹی وی سیریل میں بھی اہم کردار ادا کیا تھا۔ اس کے بعد انھوں نے بڑے پردے کی طرف جو سفر شروع کیا تو وہ اب اپنی رعنائیوں کے ساتھ جاری ہے۔