بارہ بنکی(یو این آئی). نندورہ ترقیاتی بلاک کے رائس مل گودام میں گزشتہ رات شاٹ سرکٹ سے لگی زبردست آگ میں گودام میں ہی رکھے دو کروڑ روپے قیمت کا۱۴۲ ڈرم پیپرمنٹ تیل اور تقریباً ۱۵ لاکھ کا دیگر سامان جل کر راکھ ہوگیا۔ آگ کو بجھانے کے لئے بارہ بنکی اور لکھنؤ کی پانچ فائر بریگیڈ گاڑیوں کو پانچ گھنٹے کی مشقت کرنی پڑی۔حلقہ تھانہ کرسی کے امرنڈہ موضع میں رائس مل گودام میں ۱۴۲ ڈرم پیپرمنٹ تیل رکھا تھا۔ گودام میں گزشتہ رات تقریباً ۱۲ بجے شارٹ سرکٹ سے آگ لگ گئی ۔ اچانک آتشزدگی دیکھ گودام میں موجود چرن سنگھ نے فائر بریگیڈ کو مطلع کیا لیکن جب تک فائر بریگیڈ ٹیم پہنچتی سب کچھ خا ک ہوچکا تھا۔ آگ کی تیزی ایسی تھی جس سے ڈرم پھٹنے لگے اور ان کا تیل پھیلنے لگا جس کے سبب آگ مزید تیز ہوگئی۔ رائس مل کے حصہ داروں میں ایک چرن سنگھ نے بتایا کہ رائس مل بند رہنے کے دوران گودام میں مینتھاآئل کا اسٹاک کیا جاتا تھا۔ اس کے بموجب تقریباً دو کروڑ قیمت کا نقصان ہوا ہے۔