ممبئی: بالی ووڈ کے ڈانس کنگ اور ایکشن ہیرو ہریتھک روشن نے فلمسازاشوتوش کی فلم موہنجو دڑو میں کام کرنے کے معاوضہ 50 کروڑ وصول کر لیا۔ بالی ووڈ اداکار ہریتھک روشن بھی فلم نگری کے حکمران خانز کو نیچا دکھانے کے لیے کچھ نہ کچھ کرتے رہتے ہیں جس سے وہ ثابت کرتے ہیں کہ وہ بھی کسی سے کم نہیں ہیں جب کہ انہوں نے بھی فلموں میں کام کے لیے اپنے معاوضے میں یکدم اضافہ کر دیا ہے۔ بالی ووڈ کے ڈانس کنگ ہریتھک روشن فلمساز اشوتوش کی تاریخی فلم موہن جودڑو میں مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں جب کہ فلم میں اداکار 20 فٹ لمبے مگر مچھ کے ساتھ لڑتے ہوئے بھرپور ایکشن میں نظر آئیں گے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق فلمساز اشوتوش کی فلم کا بجٹ بھی 100 کروڑ سے زائد ہے جس میں سے اداکار ہریتھک روشن نے فلم میں کام کرنے کا معاوضہ 50 کروڑ روپے وصول کرلیا ہے۔ واضح رہے کہ بالی ووڈ اداکار ہریتھک روشن کی فلم موہن جودڑو اگلے برس ریلیز کے لیے پیش کی جائے گی۔