لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔ شہر کے ٹرانس گومتی علاقہ میں تابڑ توڑ چین اور پرس چھیننے والے ایک بدمعاش کو پولیس نے گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ پولیس نے اس کے قبضہ سے سات سونے کی چین برآمد کی ہیں۔ برآمد کی گئیں چینوں کی قیمت دو لاکھ روپئے بتائی جا رہی ہے۔ ملزم کا سگابھائی اس کے ساتھ مل کر چین لوٹنے کی واردات انجام دیتا تھا پولیس اس کی تلاش میں ہے۔ سرویلانس سیل انچارج اکشے کمار نے بتایا کہ ہفتہ کی رات کو پولیس اور ان کی ایک ٹیم نے غازی پور کے ب
ھوت ناتھ مندر کے پاس پارک سے ایک مشتبہ نوجوان کو گرفتار کر لیا ۔تلاشی کے دوران پولیس کو اس کے قبضہ سے لوٹی گئی ۷ سونے کی چین ملیں۔ تفتیش میں ملزم نے پی جی علاقہ میں ۷ چین لوٹنے کی واردات انجام دینے کی بات قبول کیا۔ ملزم نے اپنا نام آصف عرف بھائی جان ساکن گونڈہ بتایا۔ ملزم اس وقت منشی پلیا علاقہ میں کرائے کے ایک مکان میں رہتا ہے۔ آصف کے ساتھ اس کا ایک بھائی فیروز بھی چین لوٹنے کی واردات انجام دیتا تھا ، پولیس اب فیروز کی تلاش میں مصروف ہے۔ ملزم آصف اس سے قبل بھی گونڈہ میں کچھ معاملات میں جیل جا چکاہے۔ گجرات کے احمد آباد میں ۱۹۹۹ء میں سونے کی چین لوٹنے کی واردات میں آصف کے شامل ہونے کی بات پولیس کو معلوم ہوئی ہے۔ راجدھانی کی پولیس اس سلسلہ میں احمد آباد پولیس سے رابطہ قائم کر رہی ہے۔ ایس او غازی پور نویندر سنگھ سروہی نے بتایا کہ فرار ملزم فیروز موٹر سائیکل چلانے میں مہارت رکھتا ہے۔ دونوں بھائی موٹر سائیکل پر سوار ہوکر خواتین سے چین اور پرس چھیننے کی وارداتیں انجام دیتے تھے۔ ملزم نے بتایا کہ وہ ۲۰۰۱ء سے کئی درجن وارداتیں انجام دے چکا ہے ۔