اس کتے کو ایک سینیئر کمانڈر کے ساتھ دیکھنے کی اطلاعات کے بعد اب یہ ویڈیو پہلی بار سامنے آئی ہے. افغانستان میں طالبان نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے گذشتہ سال دسمبر میں افغانستان کے مشرقی صوبے میں لڑائی کے دوران امریکی فوجیوں کا ایک کتا پکڑ لیا ہے۔
افغانستان میں آئی سیف حکام نے اس کتے کے گم ہونے کی تصدیق کر دی ہے تاہم امریکی افواج کے ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ کتا ایک اتحادی ملک کا تھا۔
بی بی سی کی اطلاعات کے مطابق یہ کتا برطانوی فوج کے ساتھ کام کر رہا تھا۔ افغان طالبان نے اس کتے کے ایک ویڈیو جاری کی ہے جسے بظاہر ’کرنل‘ کہا جاتا ہے۔
طالبان کا کہنا ہے کہ کتے پر ایک پٹہ لگا ہوا تھا جس پر جی پی ایس، ایک ٹارچ اور کیمرا بندھا ہوا تھا۔
امریکی حکام کا کہنا ہے کہ وہ اس واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں اور نامہ نگاروں کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ امریکیوں کے لیے شرمندگی کا باعث بنے گا۔
کابل میں بی بی سی کے نامہ نگار ڈیوڈ لیون کا کہنا ہے کہ اس ویڈیو میں ایک پریشان حال کتا نظر آتا ہے جسے ایک لمبے بالوں والے طالب نے رسی سے پکڑا ہوا ہے اور اسے کیمرے کے لیے دکھایا جا رہا ہے۔
طالبان کا کہنا ہے کہ اس کتے کو گذشتہ دسمبر میں لغمان صوبے میں ایک رات کے ایک چھاپے کے دوران پکڑا گیا تھا۔
اس ویڈیو میں طالبان ایسے ہتھیار بھی دکھاتے ہیں جنہیں امریکہ کی خصوصی افواج کثرت سے استعمال کرتی ہیں۔
ہمارے نامہ نگار کا کہنا ہے کہ مقامی افراد نے کچھ ہفتے قبل طالبان کے ایک اعلیٰ کمانڈر کو اس علاقے میں ایک غیر ملکی کتے کے ساتھ دیکھا تھا۔
یہ ویڈیو اس واقعے کا پہلا ثبوت ہے جس میں بظاہر اس کی تصدیق کی گئی ہے۔
افغانستان میں اتحادی افواج عرصے سے بو سونگھنے والے اور حفاظت والے کتے استعمال کرتے رہے ہیں جن میں اکثر جرمن شیفرڈ، لیبرےڈار یا سپینیئلز ہوتے ہیں۔