کانپور (نامہ نگار)عام آدمی پارٹی کے ذریعہ پارلیمانی حلقہ کے امیدواروں کے انٹرویو لینے کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔ مذکورہ انٹرویو صرف امیدوار کے انتخاب کا ایک حصہ ہے۔ آخری فیصلہ مشاہد کی رپورٹ ملنے کے بعد کیا جائے گا۔ مذکورہ اطلاع عام آدمی پارٹی کی مجلس عاملہ کے رکن مسٹر راگھو نے دی ہے۔مسٹر راگھو نے بتایا کہ پارلیمانی حلقہ کے امیدوار کے انتخاب کے پہلے مرحلہ میں ناکمل معلومات دینے والے درخواست دینے والوں کے فارم نامنظور کئے جارہے ہیں اس کے بعد ان کے انٹرویو لئے جارہے ہیں۔ انٹرویو میں تمام درخواست دینے والوں کو بلایا جائے گا۔ اس کے بعد مشاہد مقامی کارکنان سے فہرست میں شامل تمام لوگوں کے بارے میں معلومات حاصل کریں گے جس کی بنیادپر رپورٹ تیارکی جائے گی۔ مذکور رپورٹ امیدوار کے انتخاب کی بنیاد ہوگی۔ امیدوار کے انتخاب کے لئے انا ہزار ے کی تحریک سے وابستہ عام آدمی پارٹی کارکنان کو ترجیح دی جائے گی۔ اگر کوئی سماجی خدمات دینے والا لیڈر دوسری پارٹی چھوڑ کر پارٹی میں شامل ہوتا ہے تو اسے امیدوار بنایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانپور مہانگر نشست کا اعلان مارچ کے پہلے ہفتہ میں کردیا جائے گا۔ انتخاب کا نوٹیفکیشن جاری ہونے تک دیگر امیدواروں کے ناموں کا بھی اعلان کردیا جائے گا۔ عام آدمی پارٹی کے پوسٹر میں اروند کیجریوال کی تصویر کے سلسلہ میں انہوں نے صفائی دیتے ہوئے کہا کہ اروند کیجریوال انکار کررہے تھے لیکن پارٹی کارکنان کے دباؤ میں آکر انہوں نے اسے منظور کرلیا۔