لکھنؤ:علی گنج کے تروینی نگر علاقہ میں دو شنبہ کی رات رنجش کے سبب ایک نوجوان کو گولی مار دی گئی۔ زخمی نوجوان کو علاج کیلئے ٹراما سینٹر میں داخل کرایا گیا ہے جہاں اس کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔ اس معاملہ میں تین نوجوانوں کے خلاف نامزد رپورٹ درج کرائی گئی ہے۔ ایس او علی گنج کمل پتی یادو نے بتایا کہ تروینی نگر علاقہ میں پچیس سالہ شوبھم اپنے کنبہ کے ساتھ رہتا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ دو شنبہ کی رات شوبھم اپنے گھر کے پاس بنے ایک میدان میں بیٹھ کر کچھ ساتھیوں کے ساتھ بیئر پی رہا تھا۔
بتایا جاتا ہے کہ اس دوران کچھ لوگوں نے اسے گولی مار دی۔ ایک گولی شوبھم کے کندھے و دوسری گولی اس کے پیٹ پر لگی۔ واردات کی اطلاع پاکر موقع پر علی گنج پولیس پہنچی تو شوبھم خون سے لت پت حالت میں ملا۔ شوبھم کو گولی مارنے کی خبر پاکر اس کے کنبہ والے بھی وہاں پہنچ گئے۔ پولیس نے آناً فاناً میں زخمی شوبھم کو علاج کیلئے ٹراما سینٹر میں داخل کرایا۔ فی الحال شوبھم کی حالت بیحد نازک بتائی جا رہی ہے۔ اب تک کی گئی تفتیش میں پولیس کو اس بات کا پتہ چلا ہے کہ شوبھم کی سنگم نام کے ایک نوجوان سے رنجش چل رہی تھی۔اسی رنجش کے سبب سنگم و اس کے ساتھیوں نے شوبھم کو گولی مار دی۔ اس معاملہ میں سنگم ، سنگرام و شاہ نواز کے خلاف نامزد رپورٹ درج کرائی گئی ہے۔ ایس پی ٹی جی جے پرکاش کا کہنا ہے کہ اس معاملہ کی تفتیش کی جا رہی ہے۔ زخمی نوجوان شوبھم کے خلاف بھی کئی مجرمانہ معاملات درج ہیں۔
3یہ ہے رنجش کی وجہ:- شوبھم کو گولی مارنے کے معاملہ میں نامزد کرایا گیا سنگم اس کا دوست تھا۔ کچھ دن پہلے پارہ پولیس نے چوری کے الیکٹرانک سامان کے ساتھ سنگم کے ماں باپ کو گرفتار کیا تھا۔ سنگم کو اس بات کا شک تھا کہ اس کے ماں باپ کو شوبھم کی وجہ سے جیل جانا پڑا۔ سنگم نے شوبھم کو پہلے ہی جان سے مارنے کی دھمکی دی تھی۔
مولانا مرزامحمد اطہر کے ایصال ثواب کی مجلس ۴مارچ کو
لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔ آل انڈیا شیعہ پرسنل لاء بورڈ کے سابق صدر مولانا مرزا محمد اطہر کے ایصال ثواب کیلئے شہر کے مختلف امام باڑوںمیں مجالس کا انعقاد کیا جا رہا ہے اس سلسلہ میں حضرت گنج واقع امام باڑہ سبطین آباد انتظامیہ کمیٹی کی جانب سے جمعہ کو رات ۸ بجے ایک مجلس ہوگی۔ امام باڑہ انتظامیہ کمیٹی کے محمد حیدر ایڈوکیٹ نے بتایا کہ تلاوت کلام پاک سے شروع ہونے والی مجلس کو مولانا ابن حیدر خطاب کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ مجلس میں شامل ہونے والی خواتین کیلئے پردہ کا بندوبست کیا جائے گا۔ مجلس کے بعد نذر کا اہتمام بھی انتظامیہ کمیٹی کی جانب سے کیا جائے گا۔