لکھنؤ: گومتی نگر ریلوے اسٹیشن کے سامنے ایک میدان میں منگل کی صبح ایک خاتون کا قتل کر کے پھینکی گئی لاش ملی ہے۔ منھ میں دوپٹا ٹھسا ہوا تھا اور دوپٹے کا نصف حصہ گلے میں لپٹا ہوا تھا۔ اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ خاتون کا دوپٹے سے گلا کس کر قتل کیا گیا ہے۔ مقامی لوگوںنے اس کی عصمت دری کا بھی شک ظاہر کیاہے فی الحال خاتون کی شناخت نہیں ہو سکی ہے۔
گومتی نگر ریلوے اسٹیشن کے نزدیک جھونپڑیوں میں کئی کنبے رہتے ہیں۔ منگل کی صبح جھونپڑیوں میں رہنے والی کچھ خواتین رفع حاجت کیلئے ریلوے اسٹیشن کی خالی پڑی زمین پر پہنچیں تو انہوں نے وہاں مزار کے پاس جھاڑیوں میں ایک خاتون کی لاش پڑی دیکھی۔ یہ دیکھ کر خواتین نے شور مچا دیا۔ شور سن کر لوگ جمع ہو گئے۔ ریلوے اسٹیشن کے نزدیک ہی ایک مندر ہے جس کے پجاری راکیش نے پولیس کواطلاع دی۔ کچھ ہی دیر میں سی او گومتی نگر اور وبھوتی نگر پولیس موقع پر پہنچ گئی۔ خاتون کے منھ میں اس کا دوپٹا ٹھسا ہوا تھا اور دوپٹے کا نصف حصہ گلے میں لپیٹا گیا تھا۔ اس کے منھ و جسم پر چوٹ کے نشان تھے۔ گلے پر کساؤ کے نشان موجود تھے۔ لوگوں نے اس کی آبروریزی کا اندیشہ بھی ظاہر کیا۔ سی او گومتی نگر ستیہ سین یادو نے بتایا کہ خاتون کے دائیں ہاتھ میں ایک سنہری گھڑی موجود تھی اور بائیں ہاتھ میں دوا چڑھانے کیلئے ویگو بھی لگا تھا۔ اس کے جسم پر ہرا کرتا اور گلابی شلوار موجود تھی۔ ایک پیر میں سیاہ دھاگا بندھا ہوا تھا۔ پولیس نے تفتیش میں مدد کیلئے فارینسک ٹیم کو بلا لیا تھا۔ پولیس نے مقامی لوگوں کی مدد سے لاش کی شناخت کرنے کی کوشش کی لیکن کوئی کامیابی نہیں ملی۔ لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیا گیا ہے۔
3دیر رات لوگوں نے دیکھی تھی ایک مارشل گاڑی:- گومتی نگر ریلوے اسٹیشن کے نزدیک جھونپڑیوں میں رہنے والے رکشا چلانے والے راجیش اوستھی نے بتایا کہ دو شنبہ کی دیر رات دو بجے وہ پیشاب کرنے کیلئے اٹھا تھا تو اس نے ایک مارشل گاڑی کو ریلوے اسٹیشن کے خالی پڑے میدان کی طرف جاتے دیکھا تھا۔ اندر جاکر مزار سے کچھ دور جھاڑیوں کے نزدیک اس جگہ رکی تھی جہاں خاتون کا قتل کرکے پھینکی گئی لاش ملی تھی۔ مارشل میں ڈرائیور کو ملاکر دو- تین لوگ تھے۔ کچھ دیر بعد مارشل گاڑی سوار لوگ وہاں سے چلے گئے۔ اب پولیس علاقہ میں لگے سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج کی جانچ کررہی ہے۔
3اسپتالوں میں دکھایا جائے گا فوٹو:- سی او گومتی نگر ستیہ سین کے مطابق خاتون کی شناخت کیلئے پولیس کی ٹیموں کواسپتالوں و نرسنگ ہوم بھیجا گیا ہے۔ پولیس ایسا اس لئے کر رہی ہے کیونکہ خاتون کے ہاتھ میں ویگو لکھاتھا جس سے یہ واضح ہے کہ اس کا علاج چل رہا تھا اور اسے جلد ہی کسی اسپتال سے چھٹی دی گئی تھی۔ پولیس یہ قیاس کر رہی ہے کہ خاتون کا علاج گومتی نگر یا وبھوتی کھنڈ علاقہ میں ہی چل رہا ہوگا۔ پولیس کو امید ہے کہ اسپتالوں میں فوٹو دکھانے سے خاتون کی شناخت ہوسکتی ہے۔ اس کے علاوہ پولیس نے شہر کے سبھی تھانوں کی پولیس کو نامعلوم لڑکی کی لاش ملنے کی اطلاع دے دی ہے۔