لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔میٹرو پروجیکٹ کیلئے مرکزی حکومت سے ۳۵۰۲ کروڑ روپئے کا قرض لیا جائے گا۔ ایل ایم آر سی بورڈ کے دوسرے جلسہ میں اس کی منظوری دے دی گئی ہے۔ آئندہ برس مرکزی حکومت سے ۱۶۷۷ کروڑ روپئے کے بجٹ کے اختصاص پر بھی اتفاق رائے ہوا ہے۔ اسی طرح کمپنی کے اکاؤنٹنگ سسٹم کومضبوط کرنے کیلئے تین ماہ کیلئے ایک
چارٹیڈ اکاؤنٹینٹ کا بھی انتخاب کیا جائے گا۔
شاستری بھون میںواقع اپنے دفتر کے آڈیٹوریم میں میٹرو بورڈ کی دوسری میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے چیف سکریٹری جاوید عثمانی نے افسران کو ہدایت دی کہ مرکزی حکومت کو قرض کے سلسلہ میں ضروری کارروائی جلداز جلد پوری کریں۔ انہوں نے ہدایت دی کہ لکھنؤ میٹرو ریل کارپوریشن کی آراضی لکھنؤ شہر کے ہیریٹیج کے مطابق میٹرو اسٹیشن کی ڈیزائنگ کے ساتھ ہی نارتھ ساؤتھ کوریڈور کے دونوں طرف آراضی کے استعمال کیلئے ایک مشیر کے ذریعہ بزنس پلان تیار کیا جائے۔ منطقائی ڈائریکٹر کے ذریعہ میٹرو ریل کارپوریشن کے ابتدائی انتظامی ڈھانچہ اور ملازمت پالیسی پر غور و خوض کیلئے پرنسپل سکریٹری برائے رہائش و شہری منصوبہ بندی کی سربراہی میں ایک ذیلی کمیٹی بھی تشکیل کی جائے گی۔
میٹنگ میں کمشنر سنجیو شرن ، پرنسپل سکریٹری برائے رہائشی و شہری منصوبہ بندی سدا کانت سکریٹری و ڈائریکٹر ایل ایم آر سی راجیو اگروال ، سکریٹری برائے مالیات مکیش متل سمیت دیگر اعلیٰ افسران شریک ہوئے۔