لکھنؤ(نامہ نگار)ریاست کے وزیر ثانوی تعلیم محبوب علی نے ۱۹؍فروری سے شروع ہونے والے اترپردیش ثانوی تعلیمی بورڈ کے ذریعہ ہائی اسکول اور انٹر میڈیٹ امتحانات کو پر امن طریقہ سے کرانے کیلئے محکمہ جاتی افسران کو ہدایت دی۔انہوں نے کہا کہ امتحان مراکز پر مکمل پولیس دستہ تعینات کیا جائے اور امتحان کے کام سے منسلک سبھی افسران ؍ملازمین اپنی ڈیوٹی
پر تعینات رہ کر فرائض کی ادائیگی کریں۔انہوں نے کہا کہ امتحان نقل سے پاک ہونا چاہئے۔اس میں کسی بھی طرح کی لاپروائی نا قابل معافی ہوگی۔
وزیر محبوب علی نے کہا کہ امتحان کے لئے تعینات سینٹر انچارج اپنے فرائض کو اچھی طرح سے ادا کریں ۔انہوں نے کہا کہ امتحان مراکز پر طلباء کے بیٹھنے کا مکمل بندوبست ہونے کے ساتھ ساتھ انہیں پینے کے پانی کا بہتر بندوبست ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ اس کے ساتھ ہی امتحان مراکز پر اجابت گھر صاف ستھرے ہونے چاہئے ۔سینٹر کے انچارج کی ذمہ داری ہے کہ وہ کالج احاطہ کی مکمل صفائی بندوبست پر خصوصی توجہ دیں۔
وزیر تعلیم نے محکمہ جاتی افسران کو ہدایت دی کہ نقل مافیاؤں پر قدغن لگانے اور گڑبڑی پائے جانے پر نقل مافیاؤں کے خلاف ایف آئی آر کراکر کارروائی کی جائے۔انہوں نے کہا کہ امتحان مراکز کا مسلسل معائنہ کیا جائے اور کہیں پر کوئی بھی واقعات در پیش آئے تو اس کی اطلاع پرنسپل سکریٹری کو دینے کے ساتھ ساتھ انہیں بھی مطلع کرائیں۔