یروشلم ؛اسرائیل کے وزیراعظم بنجامن نیتن یاہو نے مغربی کنارے میں 300 گھروں کی فوری تعمیر جب کہ مشرقی یروشلم میں مزید 500 مکانات تعمیر کرنے کی اجازت دے دی ہے ، جس پر امریکہ اور یورپی یونین نے سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے ۔نیتن یاہو نے بیت ایل میں تعمیرات کی اجازت سپریم کورٹ کے اس فیصلے کے بعد دی جس میں عدالت عظمیٰ نے بنیاد پرست یہودیوں کی طرف سے غیر قانونی آبادکاری کے دوران بنائے گئے دو اپارٹمنٹس کو منہدم کرنے کے پہلے فیصلے کو برقرار رکھا تھا۔وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ وہ ان گھروں کو مسمار کرنے کے خلاف ہیں؛ ‘لیکن، قانون کا احترام کیا جانا لازم ہے ’۔رواں ہفتے اسرائیلی پولیس کی اس وقت مقامی آبادکاروں سے جھڑپیں بھی ہوئیں، جب ان گھروں کو مسمار کرنے کے لیے بلڈوزر یہاں پہنچے اور لوگوں کو گھروں سے نکلنے کا کہا گیا۔پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے پانی کی تیز دھار کا استعمال بھی کیا۔