نئی دہلی: پٹھان کورٹ سے کرائے پر لی گئی ٹیکسی لاپتہ ہونے اور اس کا ڈرائیور ہماچل پردیش کے وادی کانگڑا میں مردہ پائے جانے کے بعد دہلی پولس نے ہائی الرٹ جاری کردیا ہے ۔ذرائع کے مطابق تین لوگوں نے پٹھان کوٹ سے ٹیکسی کرائے پر لی تھی اور بعد میں اس کا ڈرائیور وجے کمار کو ہماچل پردیش کے وادی کانگڑا میں مردہ پایا گیا ہے ، جبکہ کیب کا پتہ نہیں چل سکا ہے ۔اس واقعہ سے سکیورٹی ایجنسیوں کی تشویش اسی طورپر بڑھ گئی ہے ، جس طرح پٹھان کوٹ میں فضائیہ کے اڈے پر دہشت گردانہ حملے کے دوران دیکھنے کو ملی تھی، جہاں دہشت گردوں نے ٹیکسی کرائے پر لے ڈرائیور کو مار ڈالا تھا اور اس کے بعد کیب کی گاڑی سے پٹھان کوٹ میں فضائیہ کے اڈے پر حملہ کیا تھا، جس میں سات اہلکاروں کی موت ہوگئی تھی۔دہلی میں یوم جمہوریہ کے موقع پر فرانسیسی صدر فرانسوا ہولندے کی میزبانی کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں، جس کے پیش نظر قومی راجدھانی میں پختہ سکیورٹی کو یقینی بنانے میں کوئی کسر نہ چھوڑتے ہوئے دہلی پولس نے اپنے سرکاری ٹوئٹر اکاؤنٹ پر تین مشتبہ افراد کے تصویری خاکے جاری کئے ہیں، جنہوں نے اسی ہفتہ کے آغاز میں پٹھان کونٹ سے سفید رنگ کی ٹیکسی کرائے پر لی تھی۔تاہم، ذرائع نے بتایا کہ یہ واقعہ کارچوری کا معمول کا واقعہ ہوسکتا ہے ۔ قابل ذکر ہے کہ بدھ کے روز ایک سینئر پولس اہلکار کی کار بھی چوری کرلی گئی تھی جس پر بیکن لائٹ لگی ہوئي تھی۔دہلی پولس کے ذرائع کے مطابق ہائی الرٹ کی کارروائي قومی راجدھانی میں سکیورٹی بندوبست کو پختہ کرنے کی تدابیر کا حصہ ہے ، جہاں انٹلیجنس ایجنسیوں نے حکام کو اسلامک اسٹیٹ (داعش) کے مشتبہ جنگجوؤں کی طرف سے ممکنہ حملے کے خطرے سے متنبہ کیا ہے ۔ انڈیا گیٹ اور راشٹریہ پتی بھون کے آس پاس تمام اہم تنصیبات اور سرکاری دفاتر کو ہائي الرٹ پر رکھا گیا ہے ۔انٹلیجنس بیورو (آئی بی) کی رپورٹوں میں وزیر اعظم نریندر مودی اور فرانسیسی صدر فرانسو ا ہولندے پر داعش کی طرف سے ممکنہ حملے کی وارننگ دی گئی ہے ۔ مسٹر فرانسوا ہولندے دہلی میں 26 جنوری کو یوم جمہوریہ کی تقریبات میں مہمان خصوصی کے طورپر شرکت کرنے والے ہیں۔