اسلام آباد: نامورغزل گائیک استاد غلام علی پہلے ایسے پاکستانی ہیں جو انڈیا کے تاریخی سنکت موچن مندر میں منعقدہ ایک میوزک میلے میں شریک ہوں گے۔
دی ہندو نے بدھ کو اپنی ویب سائٹ پر منتظمین کے حوالے سے بتایا کہ تقریب میں سرود لیجنڈ استاد امجد علی خان، ان کے بیٹے امان اور ایان، پنڈت برجو مہاراج، ہرپرساد چورسیا، سونل مان سنگھ اور حشمت علی خان سمیت 50 فنکار شریک ہوں گے۔
مندر کے سرپرست اعلی وشمبھر ناتھ مشرا نے بتایا ‘تاریخ میں پہلی مرتبہ پاکستان سے ایک فنکار بھی پرفارم کریں گے’۔
واراناسی حلقے سے رکن پارلیمنٹ منتخب ہونے والے ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی کو بھی میلے میں شرکت کی دعوت دی گئی تھی لیکن انہوں مصروفیات کی وجہ سے معذرت کر لی۔
مودی نے منگل کو ٹوئٹر پر کہا ‘میری خواہش ہے کہ مستقبل میں مجھے اس میلے میں جانے کا موقع مل سکے جہاں بہت سے مشہور کلاکار سامعین کو محضوظ کرتے ہیں’۔
‘میں نے غلام علی صاحب کو ماضی میں سنا ہے اور اب اخبارات سے معلوم ہوا ہے کہ غلام علی صاحب نے میرے آنے کی خواہش ظاہر کی۔ بدقسمتی سے اس مرتبہ میں نہیں آ سکوں گا’۔
مودی نے ایک اور ٹوئیٹ میں کہا کہ آٹھ سے بارہ اپریل تک جاری رہنے والا سنگیت سمروہ نامی یہ میلہ موسیقی کے دلدادہ لوگوں کیلئے ایک ٹریٹ سے کم نہیں ہو
گا۔