160 نئی دہلی، 02 فروری (یو این آئی) دہلی اسمبلی انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی وزیر اعلی کے عہدے کی امیدوار کرن بیدی کے انتخابات کے پروگراموں کے انچارج نریندر ٹنڈن نے آج پارٹی سے استعفی دے دیا۔بی جے پی صدر امت شاہ کو بھیجے گئے استعفی نامے میں مسٹر ٹنڈن نے کہا ہے کہ وہ محترمہ بیدی کے آمرانہ احکامات کو نہیں مان سکتے ۔ انہوں نے لکھا ہے کہ وہ گزشتہ تین دہائی سے بی جے پی کے رکن ہیں اور دس سال سے دہلی میں پارٹی کا کام کاج دیکھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محترمہ بیدی کے ساتھ ان کا کام کرنا مشکل ہے ۔ان کا رویہ ٹھیک نہیں ہے ۔
مسٹر ٹنڈن نے کہا کہ محترمہ بیدی کے ساتھی ہر معاملے پر ان کی توہین کرتے ہیں۔ گزشتہ دس دنوں سے وہ جس طرح لیڈروں اور کارکنوں پر دھونس جما رہی ہیں، اس ماحول میں کام کرنا مشکل ہے ۔ انہوں نے مسٹر شاہ سے کہا کہ پارٹی چاہے تو ان کے الزامات کی جانچ کرا سکتی ہے ۔
اس بارے میں پوچھے جانے پر محترمہ بیدی نے کہا کہ انہیں اس کی کوئی معلومات نہیں ہے ۔ قابل ذکر ہے کہ محترمہ بیدی کو وزیر اعلی کے عہدے کا امیدوار بنائے جانے کے بعد سے دہلی بی جے پی میں بغاوت کے سر اٹھنے شروع ہو گئے تھے ۔
اگرچہ پارٹی مسٹر ٹنڈن کے استعفی کو پارٹی کے اندر کسی طرح کی پھوٹ کا نتیجہ ماننے سے انکار کر رہی ہے ۔دہلی بی جے پی کے ترجمان ہریش کھرانہ نے کہا کہ مسٹر ٹنڈن نے پہلی بار استعفی نہیں دیا ہے بلکہ وہ تیسری بار ایسا کر رہے ہیں۔ پارٹی میں کوئی اختلافات نہیں ہیں اور تمام کارکنان متحد ہو کر انتخابات لڑ رہے ہیں۔عام آدمی پارٹی کے لیڈر یوگیندر یادو نے اس پر راست رد عمل کرتے ہوئے کہا کہ صرف بی جے پی کے ‘صحت ’ کے لیے دعا کرسکتے ہیں۔