لکھنؤ: اترپردیش کی حکومت ریاست میں کسانوں کے لئے ایسے بازار کھولنے جارہی ہے جس میں کھیتی کی ضروریات کے لئے ایک ہی جگہ رعایتی قیمت کے ساتھ تمام سامان ملے گا۔ وزیراعلی, اکھلیش یادو آئندہ 19 دسمبر کو لکھنؤ میں اور اس کے بعد اٹاوا کے سیفئی اور مین پوری میں دو کسان بازار کا افتتاح کریں گے ۔ دو ماہ قبل جھانسی میں کسان بازارکا افتتاح کیا گیا تھا جو کافی کامیاب ہے اور اس سے کسانوں کو فائدہ مل رہا ہے ۔سرکاری ذرائع نے آج یہاں بتایا کہ سیفئی اور مین پوری میں کسان بازار آئندہ جنوری میں شروع ہونے کا امکان ہے ۔ ایسا ہی بازار قنوج اور کاس گنج میں بھی شروع کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق ان بازاروں میں کسانوں کو ان کی کھیتی کے لئے سستی شرحوں پر سامان دستیاب کرائے جائیں گے ۔ انہی بازاروں میں وہ اپنی پیداوار بھی فروخت کرسکیں گے ۔ ان بازاروں میں مہمان خانہ اور کھانے پینے کا سامان بھی دستیاب ہوگا۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ کسان وہاں ہینڈلوم اور ہاتھ سے بنی دیگر مصنوعات کی بھی خریداری کرسکیں گے ۔ حال ہی میں یوپی اسٹیٹ ایگرو انڈسٹریل کارپوریشن لمیٹیڈ نے کسانوں کے لئے ریاست بھر میں کسان مارٹ کی سہولت دستیاب کرائی تھی۔ اس کے کسانوں کو کافی سہولتیں ملنے کے دعوے کئے جارہے ہیں۔ حکومت کسانوں کو ایک ہی جگہ پر بیج، کھاد، ٹریکٹر، کیڑامار دوائیں جیسی کاشت کے کام آنے والی چیزیں کسانوں کو دستیاب کرنے کی کوشش میں ہے ۔ یہ اسکیمیں اسی کا حصہ سمجھی جارہی ہیں۔