سری نگر: سرحدی ضلع کپواڑہ میں بدھ کے روز اُس وقت بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہرے کئے گئے جب ایک فوجی گاڑی نے ایک چھوٹی گاڑی کو ٹکر ماردی جس کے نتیجے میں چار افراد زخمی ہوگئے ۔
ایک زخمی کی حالت تشویش ناک بتائی جارہی ہے ۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ایک فوجی گاڑی نے آج صبح ایک دوسری گاڑی کو ہندوارہ میں لنگیٹ روڑ پر کھورو کے مقام پر ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں چار افراد زخمی ہوگئے ۔زخمیوں کو مقامی اسپتال منتقل کیا گیاجہاں سے ایک کمسن لڑکے کو تشویش ناک حالت میں سری نگر منتقل کیا گیا ہے ۔
بعد ازاں سینکڑوں کی تعداد میں لوگ سڑکوں پر آگئے اور لنگیٹ مین روڑ بلاک کردی۔ احتجاجی مظاہرین ملوث ڈرائیور کے خلاف کاروائی کا مطالبہ کررہے تھے ۔ذرائع نے بتایا کہ پولیس نے احتجاجی مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے لاٹھی چارج کا استعمال کیا۔