علی گڑھ:علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج کے آرتھو پیڈک سرجری شعبہ کے زیرِ اہتمام منعقدہ یو پی او اے پی جی انسٹرکشنل کورس کا آج وائس چانسلر لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) ضمیر الدین شاہ نے افتتاح کیا۔افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر جنرل شاہ نے کہا کہ یونیورسٹی انتظامیہ تعلیم کے ساتھ طبی خدمات کو بہتر بنانے پر بھی خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آرتھوپیڈک سرجری شعبہ کے پوسٹ گریجویٹ طلبأ اس انسٹرکشنل کورس سے جدید علم حاصل کرکے اس کا استعمال مریضوں کے علاج میں کریں گے۔پرو وائس چانسلر برگیڈیئر(ریٹائرڈ)سید احمد علی نے کہا کہ آرتھوپیڈک سرجن کی سماج میں کافی اہمیت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرجن حادثات کا شکار لوگوں کو چلنے کے لائق بنانے میں اہم رول ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ پروگرام میڈیکل سائنس کے جدید طریقوں کو سمجھنے میں کامیاب ہوگا۔میڈیسن فیکلٹی کے ڈین پروفیسر ایم ایچ بیگ نے کہا کہ ہندوستان برق رفتاری سے علم پر منحصر سماج کی جانب گامزن ہے اور ساری دنیا کی نگاہ ہندوستان پر مرکوز ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں آنے والی نسلوں کے لئے ایک ٹھوس لائحۂ عمل تیار کرنا ہوگا جس کے لئے اساتذہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ ترقی کے ساتھ معیار بھی پیدا کریں جو طبی میدان میں بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ کلینیکل پریکٹس میں ایویڈینس بیسڈ میڈیسن کا کافی اہم رول ہے جو مریض کی دیکھ بھال کے لئے ضروری ہے۔میڈیکل کالج کے پرنسپل پروفیسر طارق منصور نے کہا کہ جے این میڈیکل کالج کے آرتھوپیڈک سرجری شعبہ کا شمار کالج کے باوقار شعبوں میں کیا جاتا ہے اور یہاں کے سرجنس اور ریزیڈنٹس دن رات مریضوں کی خدمت میں لگے رہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ شعبہ غریب مریضوں کو بہترین طبی خدمات مہیا کرا رہا ہے۔آرتھوپیڈک سرجری شعبہ کے سربراہ اور پروگرام کی آرگنائزنگ کمیٹی کے صدر پروفیسر محمد زاہد نے کہا کہ اس کورس کے انعقاد کا مقصد پی جی طلبأ کے علم کو اپڈیٹ کرنا ہے تاکہ وہ صوبہ اور دیگر مقامات سے آئے معالجین کے ساتھ ربط قائم کرسکیں۔انہوں نے بتایا کہ ا س بار جانسن اینڈ جانسن فیلو کے لئے جے این میڈیکل کالج کا انتخاب کیاگیا ہے جو نہ صرف شعبہ بلکہ یونیورسٹی کے لئے فخر کی بات ہے۔افتتاحی اجلاس سے اتر پردیش آرتھوپیڈک ایسو سی ایشن کے صدر ڈاکٹر دھیریندر سنگھ اور سکریٹری ڈاکٹر اتل شریوستو نے بھی خطاب کیا۔کورس کے آرگنائزنگ سکریٹری پروفیسر مظہر عباس نے حاضرین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سال۲۰۰۱میں پہلی بار اس کورس کا انعقاد جے این میڈیکل کالج میں کیاگیا۔ نظامت کے فرائض ڈاکٹر فہد بن حامد نے انجام دئے۔تین روز تک چلنے والے اس انسٹرکشنل کورس میں ممتاز سرجنس پی جی طلبأ کو تربیت دیں گے۔