چندولی:ہیڈکوارٹر عمارت اور عدالت کی تعمیر کے مطالبہ کے سلسلہ میں گزشتہ پانچ برسوں سے اپنے بازوؤں پر کالی پٹی باندھ کر تحریک چلا رہے سنتوش کمار پاٹھک کی قیادت میں کچہری کیمپس میں صبح پانچ بجے سے شام پانچ بجے تک پورے بارہ گھنٹوں کی بھوک ہڑتال اور دھرنا و مظاہرہ کیا گیا۔ اس موقع پر منعقد جلسہ کو خطاب کرتے ہوئے وکلا نے کہا کہ ۱۶ برس گزر جانے کے باوجود بھی اس ضلع میں ہیڈ کوارٹر اور عدالت کی عمارت کی تعمیر نہ ہونا یہ ظاہر کرتا ہے کہ حکومت اس ضلع کے ساتھ نظر انداز کئے جانے والا رویہ اپنا رہا ہے۔ ضلع کے سوتیلے رویہ سے برہم ہوکر سنتوش کمار پاٹھک گزشتہ ۵ برسوں سے اپنے بازو پر کالی پٹی باندھ کر تحریک چلا رہے ہیں، جو کہ شاید وکلا کی سب سے بڑی تحریک ہے۔
وکلاء نے کہا کہ ہمارے علاقہ کے عوامی نمائندہ اور رکن پارلیمنٹ و رکن اسمبلی بھی الیکشن میں کامیاب ہونے کے بعد اس ضلع کو بھول جاتے ہیں، اور ہیڈ کوارٹر جیسے بنیادی موضوع پر کوئی توجہ نہیں دیتے ہیں جس کی وجہ سے آج تک اس ضلع کی مذکورہ عمارتوں کی تعمیر نہیں ہو پا ئی۔ مقررین نے کہا کہ سماجوادی پارٹی کے سربراہ نے اسمبلی الیکشن سے قبل ضلع آمد پر یہ وعدہ کیا کہ سماجوادی پارٹی حکومت بنتے ہی مذکورہ عمارت کی تعمیر شروع ہو جائے گی، مگر حکومت وعدہ بھول چکی ہے۔
مقررین نے انتباہ دیا کہ اگر جلد ہی مذکورہ عمارتوں کی تعمیر شروع نہیں ہوئی تو ضلع میں ایک بڑی تحریک چلائی جائے گی۔ بھوک ہڑتال میں سنتوش کمار پاٹھک کے ساتھ ہی وریندر پرتاپ سنگھ اور شیلیندر پرتاپ سنگھ وغیرہ بیٹھے رہے۔