واشنگٹن: امریکہ کے صدر بارک اوباما نے دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑنے کی وارننگ دیتے ہوئے اتحادی افواج سے دہشت گرد تنظیم اسلامک اسٹیٹ (آئی ایس) کے خلاف اپنی مہم میں تیزی لانے کا اعلان کیا ہے ۔ پنٹاگون میں کل قومی سیکورٹی کے اعلی افسران کے ساتھ میٹنگ کے بعد مسٹر اوباما نے وارننگ دینے والے لہجے میں کہا، ‘آئی ایس اب اپنا پروپیگنڈہ نہیں پھیلا سکتا۔ ہم نے اس کے جڑ سے خاتمہ کے لئے اپنے حملوں میں تیزی لا ئی ہے اور دہشت گرد کہیں بھی چھپ نہیں سکتے ’۔ امریکی صدر نے کہا کہ اتحادی افواج نے آئی ایس کے ٹھکانوں پرگزشتہ چند ماہ کے مقابلے میں نومبر میں کہیں زیادہ حملے کئے ہیں اور اسے جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لئے اس میں مزید تیزی لانے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اتحادی افواج نے شام اور عراق میں آئی ایس کے ٹھکانوں پرحملے کرکے ان کے بہت سے بڑے رہنماؤں کو مار گرایا ہے ۔ اس کے علاوہ اس کے تیل کے ذخائر پر بھی حملے کئے گئے ہیں۔ یہ ان کی آمدنی کے اہم ذرائع میں سے ایک ہے ۔ مسٹر اوباما نے پنٹاگون میں آئی ایس کے خلاف کی جا رہی کارروائیوں کا بھی جائزہ لیا۔ واضح رہے کہ 2014 سے اب تک امریکی قیادت میں اتحادی افواج نے شام اور عراق میں تقریباً نو ہزار فضائی حملے کیے ہیں۔