دبئی: آئی سی سی چیمپئینز ٹرافی کی کٹ آف ڈیٹ ختم ہوگئی۔ پاکستان نے آٹھویں پوزیشن پر رہتے ہوئے دو ہزار سترہ چیمپئینز ٹرافی کے لئے کوالیفائی کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی ) نے چیمپئنز ٹرافی 2017 کے لیے 8 ٹیموں کا اعلان کر دیا ہے۔ آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق ایونٹ میں ٹاپ 8 ٹیمیں شرکت کریں گی جن میں جنوبی افریقہ، آسٹریلیا، بھارت، انگلینڈ، بنگلہ دیش، پاکستان، نیوزی لینڈ اور سری لنکا شامل ہیں۔ پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو پیچھے چھوڑتے ہوئے و ن ڈے رینکنگ میں 8 ویں پوزیشن سنبھال لی ہے جس کے بعد وہ چیمپئنز ٹرافی 2017 میں شرکت کا اہل ہوا ہے۔ رواں سال کے آغاز میں پاکستان بنگلہ دیش سے شکست کے بعد رینکنگ میں نویں پوزیشن پر چلا گیا تھا تاہم سری لنکا کے خلاف اس کی سرزمین پر ون ڈے سیریزمیں تین دو سے کامیابی حاصل کر کے رینکنگ میں اٹھویں پوزیشن پر آگیا۔ ٹاپ آٹھ ٹیموں کا یہ ایونٹ آخری بار کھیلا جائے گا جس کے بعد ٹیسٹ چیمپئین شپ کا آغاز ہوگا جس میں ٹاپ چار ٹیمیں شرکت کریں گی۔