لکھنئو؛ اترپردیش کی سابق وزیر اعلی اور بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کی صدر مایا وتی نے ریزرویشن کا جائزہ لیئے جانے سے متعلق راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) بیان پر رعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس منصوبے کے تحت ریزرویشن ختم کرنا چاہتے ہیں تاکہ ملک کے دلتوں کو پھر سے غلام بنایا جاسکے ۔محترمہ مایا وتی نے آج یہاں اپنے بیان میں الزام لگایا کہ آر ایس ایس ہندوستان کو ہندو راشٹر بناکر پھر سے دلت سماج کو غلام بنانا چاہتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بی ایس پی نہ تو ریزرویشن ختم کرنے کی کسی کوشش کو کامیاب ہونے دے گی اور نہ ہی ملک کو ‘‘ہندو راشٹر بنانے کے آر ایس ایس کے خواب پورا ہونے دے گی۔اترپردیش کی سابق وزیر اعلی نے کہا کہ بابو بھیم راؤ امبیڈکر نے بہت سوچ سمجھ کر ہندوستانی آئین کو مرتب کیا تھا اور اس زمانے میں ملک کے دلتوں کو ٖٖغلامی سے آزادی دلانے اور ان کی بہبود کی غرض سے ان کے لئے ریزرویشن کا التزام کیا تھا۔