گوہاٹی:آسام کے لمڈنگ۔سلچر پہاڑی سیکشن پر کل دیر رات پورووتر سمپرک کرانتی ایکسپریس پٹری سے اتر گئی جس سے ٹرینوں کی آمدورفت متاثر ہو گئی۔ اس سیکشن پر کل ہی ریلوے ٹریفک بحال کیا گیا تھا۔شمال مشرق فرنٹیئر ریلوے کے ترجمان نے یہاں بتایا کہ پورووتر سمپرک کرانتی ایکسپریس لمڈنگ سے 83 کلومیٹر دور ماہور اور پھڈنگ ریلوے اسٹیشن کے درمیان دیر رات ایک بج کر پچاس منٹ پر پٹری سے اتر گئی۔ انہوں نے کہا کہ یہ ٹرین کل شام ساڑھے چھ بجے سلچر سے نئی دہلی کے لیے روانہ ہوئی تھی۔حادثہ کے بعد لمڈنگ سے سلچر کے درمیان ریلوے خدمات کو پھر سے بحال کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔ ٹرین میں سوار تمام مسافر محفوظ ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ٹرین کو نیو ہاف لونگ ریلوے اسٹیشن پر واپس لایا جا رہا ہے جہاں مسافروں کے لئے چائے ، دودھ، پانی وغیرہ کی سہولیات دستیاب ہیں۔ریلوے کے حکام نے ٹرین سروس کی بحالی کے لیے تیزی سے کام شروع کر دیا ہے ۔