نئی دہلی: پانچ ریاستوں کے اسمبلی انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آسام میں پہلی بار اپنا پرچم لہرایا ہے وہیں مغربی بنگال میں ممتا بنرجی اور تمل ناڈو میں جے للتا کی واپسی ہوئی جبکہ کیرالہ اور آسام میں کانگریس کو اقتدار گنوانی پڑی ہے ۔پانچ ریاستوں میں جاری ووٹوں کی گنتی میں اب تک ملے نتائج اور رجحانات کے مطابق پڈوچیري میں کانگریس اتحاد آگے چل رہا ہے ۔ کانگریس نے دس نشستیں جیت لی ہیں اور تین پر اس کے امیدوار آگے چل رہے ہیں اور ایک نشست اس کے اتحادی ڈی ایم کے نے جیتی ہے ۔ آسام میں تاریخ رقم کرتے ہوئے بی جے پی نے تین نشستیں جیت لی ہیں اور 55 پر اس کے امیدوار آگے چل رہے ہیں۔ اس کے اتحادی ساتھی آسام گن پریشد بھی تین نشستیں حاصل کر چکی ہے اور 11 پر اس کے امیدوار سبقت بنائے ہوئے ہیں۔ بی جے پی کے دوسرے ساتھی بوڈولینڈ پیپلز فرنٹ کے امیدوار 12 نشستوں پر آگے چل رہے ہیں۔ ڈیڑھ دہائی سے ریاست کے اقتدار پر قابض کانگریس نے اب تک ایک نشست جیتی ہے اور 25 پر اس کے امیدوار آگے چل رہے ہیں۔ اے آئي یوڈي ایف دو نشستیں جیتنے کے ساتھ ہی دس سیٹوں پر آگے ہے ۔
مغربی بنگال کے 294 اسمبلی سیٹوں کے نتائج اور رجحانات کے مطابق وزیر اعلی ممتا بنرجی کا کرشمہ برقرار رہا ہے اور اب تک معلنہ 23 انتخابات کے نتائج میں سے 22 اس کے حق میں گئے ہیں اور 192 سیٹوں اس کے امیدوار سبقت بنائے ہوئے ہیں۔ ایک نشست کانگریس نے جیتی ہے اور 42 پر اس امیدوار آگے چل رہے ہیں۔ اس کے اتحاد ساتھی مارکسی کمیونسٹ پارٹی 23 سیٹوں، ہندوستانی کمیونسٹ پارٹی ایک سیٹ پر اور آر ایس پي دو سیٹوں پر آگے ہے ۔ بی جے پی تین نشستوں اور اس کا ساتھی گورکھا جن مکتی مورچہ بھی تین سیٹوں پر آگے ہے ۔تمل ناڈو میں انتخابی پنڈتوں کے اندازوں کو مسترد کرتے ہوئے وزیر اعلی جے للتا کا جادو برقرار ہے ۔ ان کی پارٹی انا ڈی ایم کے نے اب تک معلنہ 14 نشستوں میں سے 10 پر کامیابی حاصل کی ہے جبکہ 119 سیٹوں پر اس کے امیدوار آگے ہیں۔ ایم کروناندھی کی قیادت والی ڈی ایم کے نے چار نشستیں جیتی ہیں اور 86 پر اس امیدوار برتری بنائے ہوئے ہیں۔ کانگریس صرف دس سیٹوں پر آگے ہے ۔ کیرالہ میں بائیں جمہوری محاذ کانگریس کو بے دخل کرکے ایک بار پھر اقتدار میں واپسی کر رہا ہے ۔ سی پی ایم 49 سیٹیں جیت چکی ہے اور آٹھ سیٹوں آگے چل رہی ہے ۔ اس کے اتحادی سی پی آئی 15 سیٹیں جیت چکی ہے اور چار پر آگے چل رہی ہے ۔ انڈین یونین مسلم لیگ نے 12 نشستیں حاصل کر لی ہیں اور پانچ پر آگے ہے ۔ کانگریس 16 سیٹیں جیت چکی ہے اور چھ پر اس کے امیدوار آگے ہیں۔