گوہاٹی: آسام میں بوڈو تنظیموں کی طرف سے علیحدہ ریاست کے مطالبہ کی حمایت میں بارہ گھنٹے کے ریل روکو پروگرام کی وجہ سے آج ریاست میں ریل خدمات پر اثر پڑا ہے ۔
اس مظاہرہ کی وجہ سے راجدھانی ایکسپرس او ردادر ایکسپرس سمیت طویل مسافت کی کئی ٹرینوں کی آمدورفت متاثر ہے ۔ کچھ ٹرینوں کے روٹ میں تبدیلی کی گئی ہے تو کئی ٹرینیں مختلف اسٹیشنوں پر رکی ہوئی ہیں۔
آل بوڈو اسٹوڈنٹس یونین نے آسام کے کوکرا جھار ضلع اور ریاست کے نشیبی علاقوں میں کئی مقامات پر ٹرینیں روک دی ہیں۔
یونین کے صدر پرمودبوڈو نے کہا کہ کوکرا جھار ضلع کے باسو گاوں ، ادال گوری ضلع کے ادال گولی اسٹیشن پر ٹرینوں کو روکا گیا ہے ۔ بارہ گھنٹے کا یہ ریل روکو پروگرام آج صبح پانچ بجے شروع ہوا جس میں بوڈولینڈ کے ہزاروں مظاہرین حصہ لے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 2014 میں بی جے پی کی مرکز میں حکومت بننے کے بعد ہم نے اس سلسلے میں مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ سے ملاقات کی تھی اب ایسا لگ رہا ہے کہ مرکزی حکومت معاملے کو سرد خانے میں ڈال رہی ہے ۔ مسٹر سنگھ کے ساتھ ساتھ ریاست کے وزیر اعلی سرب نندا سونووال کو بھی ہم نے بی جے پی کے انتخابی وعدوں کے بارے میں بتایا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں یہ نہیں سمجھ میں آرہاہے کہ حکومت چاہتی کیا ہے ؟ ہم پرامن طریقے سے اپنے مطالبات پیش کررہے ہیں لیکن لگتا ہے کہ حکومت صرف تشدد کی زبان ہی سمجھتی ہے ۔