گورکھپور۔ صحت سہولیات کو مزیدبہتر بنانے کیلئے جلد ہی ایم او آئی سی ، اے این ایم اور آشا کارکنان کو سی یو جی فون ملنے جا رہا ہے۔ امید ہے کہ ان سبھی صحت ملازمین کے پاس دو ماہ کے اندر مذکورہ فون دستیاب ہو جائے گا۔ ضلع میں ان سب کی فہرست(ڈاٹا) تیار کی جا رہی ہے۔ محکمہ صحت سے وابستہ ایک افسر نے بتایا کہ سی یو جی فون سبھی آشا کارکنان کو نہیں ملے گا بلکہ ۹۰ فیصدی آشا کارکنان کو ہی دیا جائے گا۔ کیونکہ دس فیصدی آشا کارکنان ایکٹیو نہیں ہیں۔ سی یو جی فون دستیاب کرانے کیلئے این آر ایچ ایم کے اسٹیٹ پروگرام ایڈمنسٹریٹیو اکائی نے ڈاٹا کا مطالبہ کیا ہے۔ فی الحال جنہیں فون دیا جانا ہے ان کی تفصیل تیار کی جا رہی ہے۔ واضح ہو کہ ضلع کے پانچ بلاکوں میں مذکورہ کام مکمل بھی کیا جا چکا ہے۔ سی یو جی دستیاب کرانے کے پیچھے حکومت کی سوچ ہے کہ ضرورت ہونے پر دیہی حلقوں کے لوگ رابطہ کر سکیں گے جس سے صحت سہولیات مہیا کرانے جانے میں تاخیر نہ ہو سکے۔ مذکورہ فون آئندہ سال انسیفلائٹس (دماغی بخار) کے معاملہ میں فیور ٹریکنگ سسٹم کو کو مزید بہتر بنانے میں مدد گار ثابت ہوں گے۔ اس فون پر صحت سے جڑے پیغامات (میسج) بھی آسانی سے ایک ساتھ سب کو حاصل ہو جائیں گے۔ ضلع میں کل ۲۲ ؍ ایم ا و آئی سی(میڈیکل سوشل ہیلتھ انچارج) ، ۵۲۹؍ اے این ایم اور ۲۵۶۳ آشا کارکنان ملازمین کی تعداد ہے۔