حیدرآباد: آندھراپردیش کے وزیراعلی این چندرابابونائیڈو کی جانب سے تلنگانہ کے ورنگل لوک سبھا حلقہ کے ضمنی انتخاب کے لیے انتخابی مہم چلانے کے مسئلہ پر تجسس پایا جاتا ہے ۔ اس مسئلہ پر تلگودیشم کے لیڈروں میں مختلف رائے پائی جاتی ہے ۔بعض لیڈروں کا خیال ہے کہ چندرابابوکو ایک دن انتخابی مہم چلانی چاہئے ۔اس حلقہ کو تلگودیشم کو چھوڑنے کے لیے مقامی لیڈروں نے پارٹی سربراہ این چندرابابو نائیڈو سے خواہش کی تھی تاہم یہ نشست تلگودیشم نے اپنی حلیف جماعت بی جے پی کے لیے چھوڑ دی اور مقامی تلگودیشم لیڈروں سے رائے بھی نہیں لی۔بی جے پی کو یہ نشست الاٹ کرنے کے بعد این چندرابابو نائیڈو کی جانب سے بی جے پی کے امیدوار کے لیے انتخابی مہم چلانے کے مسئلہ پر تجسس پایا جاتا ہے ۔ورنگل لوک سبھا کے تحت آنے والے چار اسمبلی حلقوں میں تلگودیشم کا مضبوط کیڈر ہے اور پارٹی ان علاقوں میں مستحکم ہے ۔پارٹی کے ایک اور گروپ کا خیال ہے کہ چندرابابو کو اس ضمنی انتخاب کے لیے مہم چلانے کی ضرورت نہیں ہے ۔اس ماہ کی سات تاریخ کو ہونے والی تلنگانہ تلگودیشم کی میٹنگ میں اس بات کا حتمی فیصلہ ممکن ہے ۔