نئی دہلی، 22 مئی (یو این آئی)دہلی کے لفٹننٹ گورنر نجیب جنگ نے عام آدمی پارٹی (آپ)کے کارکنوں کے خلاف کل رات تہاڑ جیل کے باہر کی گئی کارروائی کو صحیح قرار دیتے ہوئے آج کہاکہ پولس نے قانون و انتظام کو برقرار رکھنے کے لئے اپنی ذمہ داری پوری کی ہے۔لفٹننٹ گورنر نے “آپ” کے کارکنوں”سے کہا کہ قانون کو اپنے ہاتھ میں نہ لیں اور تمام ضابطوں اور قانون کا احترام کریں۔مسٹر جنگ آج یہاں بارڈر سیکورٹی فورس پروگرام میں شرکت کے بعد میڈیا سے بات چیت کررہے تھے۔عام آدمی پارٹی کے کنوینر اروند کیجری وال کو کل ایک مقامی عدالت کے ذریعے ضمانت کے دستاویزات پر دستخط کرنے سے انکار کرنے پر دو دن کے لئے جیل بھیجے جانے کے بعد پارٹی کارکنوں نے تہاڑ جیل کے باہر احتجاج کیا تھا، جس پر پولس نے انہیں طاقت کے زور پر ہٹادیا اور آپ کے لیڈروں سمیت 59 افراد کو گرفتار کیا تھا۔آپ نے اسے پولس کا ظلم بتایا ہے۔