نئی دہلی:مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) نے آگسٹا ویسٹ لینڈ وی وی آئی پی ہیلی کاپٹر سودے میں رشوت کے معاملے میں ہندوستانی فضائیہ کے سابق سربراہ ایس پی تیاگی سے آج پوچھ گچھ کی۔مسٹر تیاگی صبح تقریبا دس بجے سی بی آئی کے ہیڈ کوارٹر پہنچے ۔ اس معاملے میں سی بی آئی ہفتہ کو سابق فضائیہ کے نائب سربراہ جے ایس گجرال سے بھی پوچھ گچھ کر چکی ہے ۔مسٹر تیاگی سے سی بی آئی پوچھ گچھ کر رہی ہے ۔سودے میں ہونے والے گھپلے کی سماعت کرنے والی اٹلی کی میلان عدالت میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ہیلی کاپٹر بنانے والی فن میکنکا اور آگستاویسٹ لینڈ نے یہ ہیلی کاپٹر سودا پکا کرنے کے لئے بچولیوں کے ذریعے ہندوستان میں کچھ لوگوں کو رشوت دی تھی۔ عدالت کی جانب سے دی گئی اطلاع میں کئی مقامات پر مسٹر تیاگی کا نام آیا ہے ۔ سی بی آئی نے اس کی معلومات کی بنیاد پر ہی تیاگی اور ان کے رشتہ داروں اور یورپی بچولیوں سمیت 13 دیگر لوگوں کے خلاف معاملہ درج کیا تھا۔فضائیہ کے سابق سربراہ پر الزام ہے کہ آگسٹا ویسٹ لینڈ کے لیے سودے کی بولی میں حصہ لینے کے قابل بنانے کے لئے انہوں نے ہیلی کاپٹر کی پرواز کی متعینہ اونچائی کو 6000 میٹر سے کم کرکے 4500 میٹر کر دیا تھا اگر ایسا نہیں کیا گیا ہوتا تو آگستاویسٹ لینڈ بولی میں شامل نہیں ہو پاتی اور یہ سودا نہیں ہو پاتا۔میلان کی عدالت نے سودے میں رشوت دینے کے الزام میں اٹلی میں دو لوگوں کو سزا سنائی ہے ۔ عدالت کے حکم کے بعد پہلی بار مسٹر تیاگی سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے ۔ اگرچہ اس مسٹر تیاگی نے اپنے خلاف لگائے گئے الزامات سے انکار کرتے ہوئے دعوی کیا ہے کہ ہیلی کاپٹر کی پرواز حد میں کمی کا فیصلہ انھوں نے اکیلے نہیں کیا تھا۔ یہ فیصلہ سینئر حکام کے ایک گروپ نے کیا تھا۔