ممبئی۔بالی وڈ کی معروف اداکارہ ایشوریہ رائے بچن آخری بار ۲۰۱۰میں فلم ’گزارش‘ میں نظر آئی تھیں اور اب وہ بہت جلد دوبارہ فلموں میں نظر آنے والی ہیں۔ایشوریہ رائے بچن نے ۲۰۱۱ میں ماں بننے کے بعد فلموں سے کنارہ کشی اختیار کر لی تھی اور اس دوران وہ اپنی بیٹی ارادھیہ کی پرورش میں منہمک رہیں۔اب وہ ہدایتکار سنجے گپتا کی فلم ’جذبہ‘ میں نظر آنے والی ہیں۔اطلاعات کے مطابق اس فلم کی شوٹنگ اپریل میں ختم ہو جائے گی اور جون میں اس کا پری ویو ہوگا جبکہ اسے ستمبر کے مہینے میں ریلیز کیا جائے گا۔ایشوریہ رائے سے گذشتہ تین
برسوں میں میڈیا جب بھی واپسی کے بارے میں دریافت کرتی تو وہ یہ کہتی تھیں کہ وہ اسکرپٹس پڑھ رہی ہیں اور اچھا اسکرپٹ ملنے پر فلم کے لیے حامی بھریں گی۔ایشوریہ رائے نے تمل فلم اروور سے اپنے فلمی کریئر کا آغاز کیا تھامیڈیا نے ان سے پوچھا کہ انھوں نے فلم ’جذبہ‘ کرنے کا فیصلہ کس طرح لیا؟اس سوال کے جواب میں ایشوریہ نے کہا: ’میں گذشتہ تین سالوں سے ارادھیا کے ساتھ مصروف تھی۔ مجھے ارادھیا کے ساتھ وقت کا پتہ تک نہیں چلا کہ کب اتنا وقت نکل گیا۔ سنجے گپتا نے پہلے ابھیشیک سے پوچھا کہ کیا ایشوریہ اب فلمیں کرنے کے لیے تیار ہیں؟ ابھیشیک نے مجھ سے پوچھا کہ فلم کروگی تو میں نے ہاں کہہ دیا۔‘انھوں نے مزید کہا: ’مجھے ان تین برسوں میں بہت مزہ آیا اور میں بہت خوش ہوں کہ میں نے یہ تین سال اپنی بیٹی ارادھیا کو دیے۔‘فلم ’جذبہ‘ میں ایشوریہ کے ساتھ معروف اداکار عرفان خان ہیں جو کہ اس فلم کے بارے میں بہت پرجوش ہیں۔