لکھنؤ(نامہ نگار)۔اگر آپ بجلی محکمہ کے بقایا دار ہیں تو ہوشیار ہو جائیے کیونکہ اب آپ اپنابقایا پوشیدہ نہیں رکھ سکیںگے۔ آپ کا پڑوسی و رشتہ دار ہی نہیں سبھی لوگ اپنا نام محکمہ کی ویب سائٹ پر دیکھ سکیںگے۔ لیسا انتظامیہ سبھی بقایاداروں کی فہرست آن لائن کرنے جا رہا ہے۔ اس فہرست کے ویب سائٹ پر اپلوڈ ہوتے ہی کوئی بھی شخص کہیں سے بھی بقایا داروںکا نام وپتہ معلوم کر سکے گا۔ چیف انجینئر لیسا ایس کے ورما کے مطابق دو دن بعد مدھیانچل بجلی تقسیم کارپوریشن کی سرکاری ویب سائٹ ایم وی وی این ایل ڈاٹ او آر جی پر بقایا داروں کی فہرست دیکھی جا سکتی ہے۔
ریوینو وصولی میں اضافہ کیلئے سبھی ہتھکنڈے اختیار کر لینے کے بعد اب پاور کارپوریشن بقایاداروں کے ناموں کو عام کرنے کا منصوبہ بنا چکا ہے۔ کارپوریشن افسران کا ایسا کہنا ہے کہ اگرکارپوریشن افسران کا ایسا کرنا ہے کہ اگر بقایا داروں کے نام عام ہوں گے تو شاید وہ اپنا بقایا جمع کر دیں۔ اس اسکیم کا آغاز لیسا نے کیا۔ واضح رہے کہ لیسا انتظامیہ نے شکتی بھون سے اپیل کی تھی کہ راجدھانی کے ان سبھی بقایا داروں کے نام عام کر دیئے جائیں جن پر دس ہزار روپئے سے زیادہ کا بقایا ہے۔ اس پر کافی غور و خوض کے بعد شکتی بھون نے طے کیا کہ بقایا داروں کی فہرست آن لائن کر دی جائے تاکہ کوئی بھی شخص کہیں سے بھی بقایا داروں کے نام معلوم کر سکے۔ چیف انجینئر لیسا ایس کے ورما کا کہنا ہے کہ اس فہرست کے آن لائن ہونے کے بعد کچھ لوگ ضرور محکمہ سے رابطہ قائم کریں گے اور اس بات کا بھی امکان ہے کہ کسی نام سے غلط بقایا کمپیوٹر پر چل رہا ہے جسے دیکھنے کے بعد صارف انہیں صحیح بات کی اطلاع دے۔ صحیح اطلاع ملنے کے بعد محکمہ اس بقایا کو صحیح کرے گا اگر ضرورت پڑی تو ان کنکشنوں کی پی ڈی (مستقل کنکشن منقطع) کی جائے گی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ فہرست اپ لوڈ ہونے سے کچھ فائد ضرور حاصل ہوگا۔