دہرہ دون، 31 جنوری (یو این آئی) اتراکھنڈ کے وزیراعلیٰ وجے بہوگنا نے کانگریس ہائی کمان کی ہدایت پر آج اپنا استعفیٰ گورنر عزیز قریشی کو سونپ دیا۔ یہاں گورنر ہاوس میں استعفیٰ نامہ سونپنے کے بعد مسٹر بہوگنا نے بتایاکہ انہوں نے پارٹی کی ہدایت پر استعفیٰ دیا ہے۔ انہوں نے بتایاکہ کل کانگریس قانون ساز پارٹی کی میٹنگ ہوگی جس میں پارٹی صدر سونیا گاندھی کو نیا لیڈر منتخب کرنے کا اختیار دیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ کے عہدے کے نئے دعویداروں میں آبی وسائل کے مرکزی وزیر اور ہریوار سے رکن پارلیمان ہریش راوت سب سے آگے ہے۔ انہیں پارٹی ارکان اسمبلی کی مکمل حمایت حاصل ہے۔
اس کے علاوہ ریاست کی وزیرخزانہ اندرا ہردیئش اور پریتم سنگھ کے نام بھی گردش کررہے ہیں۔ ریاست میں کانگریس کی اکثریت نہیں ہے لیکن مارچ 2012 میں ہوئے انتخابات کے بعد اس نے پیوپلز ڈیموکریٹک فرنٹ ، بی ایس پی اور اتراکھنڈ کرانتی دل جیسی پارٹیوں کی حمایت سے حکومت تشکیل دی تھی۔ گذشتہ دنوں ریاست میں مسٹر بہوگنا کی مقبولیت میں بھی کمی آئی ہے۔ اکتوبر 2012 میں ٹہری لوک سبھا سیٹ کے لئے ہوئے ضمنی انتخابات میں ان کے بیٹے ساکیت کو ہار کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ ان پر پچھلے سال ریاست میں آنے والی قدرتی آفت کے وقت آفات منیجمنٹ میں ناکام رہنے کا الزام بھی لگایا جارہا ہے۔ ایسی صورت میں لوک سبھا انتخابات سے عین قبل کانگریس اعلی کمان کسی طرح کا خطرہ مول نہیں لینا چاہتی۔