دہرہ دون: اتراکھنڈ میں دہرہ دون ضلع کے چکراتا علاقے میں کل رات آئی تیز بارش اور طوفان سے بچنے کے لئے پہاڑی کی نزدیک پناہ لئے دس مزدور وں کی دب کر موت ہوگئی ، جبکہ چھ دیگر زخمی ہوگئے ۔
پولیس نے بتایا کہ چکراتا کے رگھونی میں باباگڑھ میں سرکاری تعمیرات کا کام چل رہا تھا۔ چکراتا میں اتوار دیر رات کو آئی تیز بارش اور طوفان سے بچنے کے لئے تمام مزدور پہاڑی کی اوٹ میں چھپ گئے ۔ تیز آندھی سے ایک بڑا درخت اکھڑ جانے اور بڑی چٹان کھسکنے سے سترہ افراد دب گئے ۔
پولیس او رمقامی لوگوں نے بڑی مشکل سے وہاں دبے مزدوروں کو باہر نکالا۔ اس میں دس مزدوروں کی موت ہوگئی ۔ ایک مزدور کو محفوظ باہر نکال لیا گیا ۔ جب کہ چھ لوگوں زخمی ہوگئے ۔ جن میں سے ایک کی حالت نازک ہے ۔ اسے دہرہ دون کے دون اسپتال میں منتقل کردیا گیا ہے ۔ جب کہ دیگر پانچ زخمیوں کا چکراتا میں پرائمری ہیلتھ سینٹر میں علاج چل رہا ہے ۔
وزیر اعلی ہریش راوت اور گورنر ڈاکٹر کرشن کانت پال نے حادثے پر افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ حکومت نے ہلاک ہونے والوں کے خاندان کو چار چار لاکھ روپے معاوضہ دینے کا اعلان کیا ہے ۔ حادثے کی انکوائری کا حکم دے دیا گیا ہے ۔ تمام لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیا گیا ہے ۔