لکھنؤ۔ اترپردیش ٹرانسپورٹ کارپوریشن اور راجستھان ٹرانسپورٹ کارپوریشن کے مابین ایک معاہدہ ہوا ہے جس کے تحت ۱۹۹ سڑکوں پر اترپردیش کارپوریشن اپنی بسیں چلائے گا جبکہ راجستھان ٹرانسپورٹ کارپوریشن یو پی میں ۵۵۸،۵۶ کلو میٹر پر اپنی بسیں چلائے گا۔ یہ معاہدہ جمعرات کو پرنسپل سکریٹری برائے ٹرانسپورٹ بی ایس بھلرکی صدارت میں راجستھان ٹرانسپورٹ کے مابین ہوا۔ یہاں کے عوام کو بہتر بس خدمات مہیا کرانے کیلئے وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو اور وزیر برائے حمل و نقل درگا پرساد یادو کی ہدایت پر یہ معاہدہ طے پایا ہے۔ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کے ترجمان پربھاکر مشرا نے بتایا کہ میٹنگ میں دونوں ریاستوں میں بس خدمات شروع کرنے پر اتفاق رائے کے بعد وہیکل ایکٹ ۱۹۸۸ کی شق ۸۸ کی ذیلی شق ۵کے تحت معاہدہ ہوا جس کے بعد افسران نے معاہدہ پر دستخط کئے۔
اس معاہدہ کے تحت ۱۹۹ سڑکوں پر فریقین کی بس خدمات شروع ہوں گی۔ اس سلسلہ میں یو پی ٹرانسپورٹ کارپوریشن کے ذریعہ ۲۸۰ پرمٹ جبکہ راجستھان ٹرانسپورٹ کارپوریشن کے ذریعہ ۳۶۵پرمٹ حاصل کئے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ ۲۰۰۶ء میں بھی دونوں ریاستوں کے مابین اس طرح کا معاہدہ ہوا تھا اس وقت ۱۸۸ سڑکوں پر بس خدمات شروع کی گئی تھیں۔ معاہدہ کے دوران ٹرانسپورٹ کمشنر رجنیش گپتا، ایم ڈی مکیش کمار میشرام، اے ایم ڈی راجیش کمار سنگھ، خصوصی سکریٹری، راکیش کمار گرگ، سکریٹری ایس ٹی ایس یو ایس مشرا سمیت راجستھان کے پرنسپل سکریٹری برائے ٹرانسپورٹ امراؤ سلودیا، ایم ڈی راجستھان ٹرانسپورٹ کارپوریشن پال گنگوار اور ایگزیکٹیو ڈائریکٹر راجستھان وشرام مینا سمیت اعلیٰ افسران موجود رہے۔