مراد آباد: اترپردیش حکومت معمر افراد کو مفت زیارت کی سوغات دینے جا رہی ہے ۔سرکاری ذرائع نے آج یہاں بتایا کہ ریاستی حکومت معمر افراد کو مئی سے مذہبی مقامات کی مفت زیارت کرانے جا رہی ہے ۔مقدس مقامات کی زیارت کی یہ سہولت 50 سال سے زیادہ عمر کے لوگوں کو ملے گی۔ منصوبہ کے تحت معمر افراد کو ان کے ضلع سے لکھنؤ تک روڈ ویز کی بسوں میں مفت لایا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ لکھنؤ سے لوگوں کو ٹرین کے سلیپر زمرے سے زیارت گاہوں تک لے جایا جائے گا۔ بسوں اور ٹرینوں میں ان زائرین کو چائے ناشتے کی سہولت دی جائے گی۔زیارت گاہوں پر ان زائرین کے قیام و طعام کا بندوبست بھی حکومت کی جانب سے کیا جائے گا۔ ٹرینوں میں ان زائرین کے ساتھ ڈاکٹروں کی ایک ٹیم بھی رہے گی۔