لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ اترپردیش مدرسہ بورڈ کے امتحانات جمعرات کو اختتام پذیر ہو گئے۔ بدھ کو امتحان مراکز کی جانچ کرنے نکلی جانچ ٹیم کو جہاں کئی نقلچی اور خامیاں ملیں وہیں جمعرات کو ایک بھی نقلچی نہیں ملا۔ جانچ ٹیم کے امتحان کے آخری روز راجدھانی کے دو مدرسوں کا معائنہ کیا۔
وہیں بورڈ دفتر واقع کنٹرول روم میں بھی ریاست کے کسی ضلع میں کسی نقلچی کے پکڑے جانے کی خبر نہیں ملی۔ اترپردیش مدرسہ بورڈ کے منشی، مولوی، عالم، کامل اور فاضل کے امتحانات جمعرات کو ختم ہو گئے۔ بورڈ چیئر مین زین الساجدین نے بتایا کہ مئی کے تیسرے ہفتہ تک امتحانات کے اعلان کانتائج کر دیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ امتحان کے آخری دن کسی طرح کی کوئی شکایت نہیں ملی۔
انہوں نے کہا کہ بدھ کو راجدھانی کے مدرسوں میں پکڑے گئے امیدواروں اور مدرسہ کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ۔انہوں نے کہاکہ نقل ہونے سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ مدرسوں میں پڑھائی نہیں ہوئی۔ ضلع اقلیتی بہبود افسر راہل گپتا نے بتایا کہ جمعرات کو چاندن واقع مدرسہ لکھنؤ کیمبرج اور گومتی نگر واقع مدرسہ وارثیہ کا معائنہ کیا گیا اور معائنہ کے دوران کوئی قابل اعتراض چیزنہیں ملی ۔