لکھنؤ:شدید گرمی سے دوچار اترپردیش کے مشرقی علاقوں میں ہفتہ کے آخر تک درجہ حرارت 45 ڈگری سیلسیس کے پار پہنچنے کا امکان ہے ۔محکمہ موسمیات سے موصول اطلاعات کے مطابق الہ آباد اور وارانسی سمیت پوروانچل کے کچھ دیگر علاقوں میں گرمی کے قہر میں اضافہ ہونے کا اندیشہ ہے ۔ ہفتہ کے آخر تک ان علاقوں میں درجہ حرارت 45 ڈگری سے اوپر پہنچ سکتا ہے جبکہ گورکھپور اور بلیا سمیت کئی اضلاع میں اس دوران درجہ حرارت میں تین ڈگری اضافہ ہونے کا امکان ہے ۔مغربی علاقوں میں درجہ حرارت میں زیادہ ردوبدل کا امکان نہیں ہے اور بریلی، غازی آباد، مرادآباد اور رام پور سمیت مغربی اترپریش کے زیادہ تر علاقوں میں درجہ حرارت 40 ڈگری کے آس پاس رہے گا۔
محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان نے بتایا کہ دارالحکومت لکھنؤ اور کانپور میں آج دن کا درجہ حرارت 41 ڈگری سیلسیس کے قریب رہا جس کے آئندہ 48 گھنٹوں میں 43 ڈگری پہنچنے کا اندیشہ ہے ، وارانسی اور الہ آباد میں اس دوران زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 43 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ترجمان کے مطابق آئندہ چند دنوں میں دن کے ساتھ ساتھ رات کے درجہ حرارت میں بھی اضافہ ہوسکتا ہے ۔ پچھلے 24 گھنٹہ میں الہ آباد اور مرادآباد سمیت کئی علاقوں میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت معمول سے زیادہ ریکارڈ کیا گیا۔گرمی کے کڑے تیوروں کے پیش نظر ریاست کے زیادہ تر علاقوں میں اسکول کے اوقات میں تبدیلی کی گئی اور زیادہ تر ضلع انتظامیہ نے 12ویں درجہ تک کے اسکولوں اور کالجوں کو دوپہر 12 تک بند کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں۔
شدید گرمی کے درمیان لکھنؤ سمیت ریاست کے کئی علاقے پانی کی شدید قلت سے دوچار ہیں۔