لکھنؤ(بیورو)اترپردیش اسمبلی کے اسپیکر ماتا پرساد پانڈے نے کہا کہ ریاست کی موجودہ حکومت سماج کے ہر طبقہ کی ترویج وترقی کیلئے بغیر کسی تفریق کے مسلسل کوشاں ہے۔ان میں سے زیادہ تر کام اصل شکل لے چکے ہیں اور بہت سے ایسے کام ہیں جن پر تیزی سے کام چل رہا ہے۔ تعلیم، صحت، شہری سہولیات اور میٹرو سمیت جدید ٹرانسپورٹ سہولیات کی ترقی میںتیزی لائی جا رہی ہے اب وہ دن دور نہیں جب اترپردیش ملک کی دیگر ترقی یافتہ ریاستوں کو ترقی میں پیچھے چھوڑ دے گا۔
اسمبلی اسپیکر آج یہاں فیض آباد روڈ واقع شکتی نگر -کرمانچل نگر میں شہری سہولیات کے افتتاح و سنگ بنیاد کیلئے منعقد پروگرام کی صدارت کر رہے تھے۔شکتی نگر – کرمانچل نگر میں جل نگم کے ذریعہ تعمیر ہنڈ پمپ اور نگر نگم و محکمہ تعمیرات عامہ کے ذریعہ تعمیر سڑکوں کا مہمان خصوصی کے طورپر افتتاح کرتے ہوئے ریاست کے وزیر شہری ترقیات اور اقلیتی بہبود اعظم خاں نے کہا کہ م
لک کی ترقی کے نام پر ملک کی باگ ڈور سنبھالنے والی حکومت کے ترقیاتی کاموں کا ذکر صرف بیرون ممالک میں ہو رہا جبکہ ملک کے اندر نفرت کا ماحول تیار کیا جا رہا ہے۔بھائی کو بھائی سے لڑایا جا رہا ہے ملک کے لوگوں نے جنہیں ترقی کے نام پر ملک کی باگڈور سونپی وہی آج ملک کی یکجہتی اور اس کے بھائی چارہ کی جڑیں کھودنے میں لگے ہوئے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ ترقیاتی کام صحیح معنوں میں اترپردیش حکومت کے ذریعہ کئے جا رہے ہیں لیکن اس کا ذکر کوئی نہیں کر رہا ہے ان سب کو نفرت کی آگ پھیلانے والوں کی خوبیاں گنانے سے ہی فرصت نہیںملتی ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ جس تیزی سے ترقی کا پہیہ اترپردیش میں چل رہا ہے اسے دیکھتے ہوئے ہر کسی کو خاص طور سے میڈیا کو پورا تعاون کرنا چاہئے۔ کیونکہ ترقی ایک ایسا عمل ہے جس میں سماج کے سبھی طبقوں کا تعاون ضروری ہے۔اس موقع پر محمد اعظم خاں نے شکتی نگر-کروانچل نگر میں جل نگم کے ذریعہ تعمیر ایک نئے ہینڈ پمپ نگر نگم و محکمہ تعمیرات عامہ کے ذریعہ تعمیر سڑکوں کا افتتاح کیا۔ اسمبلی اسپیکر ماتا پرساد پانڈے نے ایک پارک کا سنگ بنیاد رکھا۔ پروگرام میں اترپردیش خواتین کمیشن کی چیئرپرسن زرینہ عثمانی کے علاوہ کثیر تعداد میں معزز شہری اور متعلقہ محکموں کے سینئر افسران موجود تھے۔