متھرا۔ 23 مارچ (یو این آئی) اترپردیش کے ضلع متھرا کے سونکھ گاوں میں پینے کا صاف پانی فراہم کرنے والی پہلی اے ٹی ایم نصب کی جائے گی۔اس مشین سے تقریباً ڈھائی ہزارخاندان مستفیض ہوں گے ۔ یہ مشین اے ٹی ایم کی ہی طرح ہے جوکہ پری پیڈ کارڈ کے ذریعہ استعمال کی جاسکے گی۔اس سے قبل اس طرح کی ایک اے ٹی ایم مشین وزیراعظم نریندر مودی کے پارلیمانی حلقہ وارانسی میں غیر ملکی سیاحوں کے لئے نصب کرنے کا منصوبہ بنایا گیا تھا۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ پانی ایک روپیہ فی لیٹر کے حساب سے دستیاب ہوگا اور اسکولی بچوں کویہ پانی مفت ملے گا۔ ایک افسر نے بتایا کہ 20 ہزار لیٹر کے پلانٹ پر 18.56 لاکھ روپے خرچ ہوں گے ۔ سونکھ گاوں کی علاقائی کمیٹی کے ایگزیکٹیو افسر رام آسرے کمل نے بتایا کہ ا
س سلسلہ میں 80 فیصد کام مکمل ہوچکا ہے اور یہ مشین آئندہ پندرہ دنوں میں کام کرنے لگے گی۔