لکھنؤ،۔ (یو این آئی)مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی)کی ایک خصوصی عدالت نے اترپردیش حکومت کے ایک سینئر افسر کو ۱۶ سال قبل ریاست کے شعبہ اطلاعات میں تقرری کے سلسلے میں ہونے والے گھپلے کا مرتکب پایا ہے۔خصوصی جج راجندر سنگھ نے ریاست کے شعبہ اطلاعات کے اس وقت کے ڈپٹی ڈائرکٹر گوپال سنگھ ورما کو بدعنوانی کا مجرم گردانتے ہوئے ۷ سال قید بامشقت کی سزا سنائی ہے۔ عدالت نے اس کے ساتھ مجرم پر ۲ لاکھ روپے کا جرمانہ بھی عائد کیا ہے۔تاہم عدالت نے اس معاملے میں ثبوتوں کی کمی کی وجہ سے اس وقت کے ایڈیشنل ڈائرکٹر پربھات سنہا اور اکھلیش چندرا شکلا کو بری کردیا۔ عدالت نے اترپردیش حکومت سے کئی دوسرے سرکاری افسران کے خلاف مقدمہ چلانے کی اجازت نہ دینے پر اس سے جواب بھی طلب کیا ہے۔واضح رہے کہ یہ معاملہ۱۹۹۸ء میں ریاست کے شعبہ اطلاعات میں چہارم گریڈ کے افسران کی غیر قانونی طور پر ہونے والی تقرری کا ہے جس میں مجرمین پر الزام تھا کہ انہوں نے تقرری کے عوض درخواست کنندگان سے رشوت لی تھی۔