لکھنؤ۔ 4 اکتوبر (یوا ین آئی) اترپردیش کے بجلی کے صارفین کے لئے خوشخبری۔ پوری ریاست میں عیدالاضحی تک بجلی کی کٹوتی نہیں کی جائے گی۔
اترپردیش پاور کارپوریشن نے ریاست کی بجلی سپلائی کرنے والی تمام کمپنیوں کوپوری ریاست میں کہیں بھی بجلی کٹوتی نہ کرنے کی ہدایت دی ہے۔ وزیراعلی اکھیلیش یادو کی ہدایت پر پاور کارپوریشن نے دسہر ہ کے موقع پر کل صارفین کو یہ تحفہ دینے کا اعلان کیا۔
اس فیصلے کے پیش نظر پاور کارپوریشن نے کل وجے دشمی پر اندھیرے کا گرہن نہ لگنے دینے کے لئے خصوصی انتظامات کئے تھے۔ ریاست میں بھرپور بجلی دینے کا یہ فرمان عیدالاضحی تک نافذ رہے گا۔
سرکاری ذرائع نے آج یہاں بتایا کہ مدھیانچل، مغربی آنچل، دکشن آنچل اور پورانچل پاور ڈسٹری بیوشن کارپوریشن، نوئیڈا پاور اور سنٹرول الیکٹرسٹی سپلائی کارپوریشن (کیسکو) کو ہدایت دی گئی ہے کہ شام پانچ بجے سے رات کے 12 بجے تک پوری ریاست میں کہیں بھی بجلی کٹوتی نہیں کی جائے گی۔