ایٹہ، 5 مارچ (یو این آئی)اترپردیش میں ایٹہ جیل سے بند قیدیوں نے لاٹھی چارج اور ناجائز وصولی کے خلاف کل رات ہڑتال شروع کردی ہے ۔ قیدیوں نے ہولی منانے سے بھی انکار کردیا ہے ۔پولیس کے ذرائع نے بتایا کہ قیدیوں نے جیل میں جھگڑے کے دوران اپنے خلاف مقدمے واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔ قیدیوں نے کل رات کھانا کھانے سے بھی منع کردیا تھااور آج صبح ان لوگوں نے ناشتہ بھی نہیں کیا۔ قیدیوں کو سمجھانے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ ایڈیشنل پولیس سپرنٹنڈنٹ وسرجن سنگھ، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ لال منی مشرا، ڈپٹی ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اجیت کمار سنگھ اور ایریافسر سمیت بڑی تعداد میں پولیس فورس کے ساتھ جیل میں خیمہ زن ہیں۔خیال رہے کہ گزشتہ 3 مارچ کو جیل میں تلاشی کے دوران موبائل فون اور سم ملنے سے تکرار کے بعد مارپیٹ ہوگئی تھی جس میں پولیس کے چھ جوان اور چھ قیدی زخمی ہوگئے تھے ۔